اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نے 76ویں برسی پر قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا۔
تفصیلات کے مطابق آج بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی برسی انتہائی عقیدت واحترام سےمنائی جارہی ہے۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمدعلی جناح کی 76ویں برسی پرپیغام میں کہا کہ قائداعظم کی تعلیمات پر عمل کرکے پاکستان کومضبوط اورخوشحال بناسکتےہیں، ان کی جدوجہد آج بھی پارلیمانی جمہوریت اوربین المذاہب ہم آہنگی کیلئے مشعل راہ ہے۔صدرمملکت کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایسے وطن کیلئے جدوجہد کی جہاں مسلمان اپنےسیاسی،ثقافتی اورمذہبی حقوق کااستعمال کرسکیں، وہ دوراندیش رہنماتھےجنہوں نےمسلمانوں کوایک جھنڈےتلےمتحد کیا۔انھوں نے کہا کہ قوم حق خودارادیت کیلئےقائد کی انتھک جدوجہداورغیرمتزلزل عزم کوخراج تحسین پیش کرتی ہے .وہ ایک ایسی ریاست کےخواہاں تھےجہاں تمام شہری قانون کےسامنےبرابرہوں گے. ان کی مضبوط قوت ارادی اورکامیاب وکالت سےہندوستان کی تقسیم ایک حقیقت بنی۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج ہم قائد کی کوششوں کااعتراف کرتےہیں اور ان کےنظریات کیلئےخودکووقف کرتےہیں، وہ جمہوریت اورسماجی واقتصادی انصاف کےاسلامی اصولوں پرمبنی پاکستان کےخواہاں تھے ، ہمیں اپنے ملک کی ترقی کیلئے اتحاد، ایمان اورنظم وضبط کےاصولوں کومشعل راہ بنانےکی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بانی پاکستان کے 76ویں یوم وفات پرپیغام میں کہا کہ قوم آج بابائے قوم کا یوم وفات انتہائی عقیدت واحترام کےساتھ منارہی ہے، تاریخ میں بابائے قوم کا نام ہمیشہ صاحب بصیرت اور نامور سیاستدان کے طور پر لیا جائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی پاکستان،جمہوریت اورقانون کی حکمرانی کیلئے قائداعظم کی غیرمتزلزل وابستگی کی عکاسی کرتی ہے، تحریک کی کامیابی بابائےقوم کی سیاسی سوچ کی وسعت اور دور اندیش قیادت کاعملی ثبوت ہے۔انھوں نے کہا کہ قائداعظم نےایمان،اتحاد اورتنظیم کےدیرینہ اصولوں پرزوردیا، پاکستان کی طاقت ان اصولوں کی روشنی میں حسین ثقافتی تصادات اورجامعیت میں پنہاں ہے، ہمیں نظریاتی اساس کےتحت عصری چیلنجزکوایک عظیم قوم کی طرح مسخرکرناہے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ دیانت،محنت اورحب الوطنی کاعملی نمونہ تھے. ہم نےاپنی آئندہ نسلوں میں ان شاندار اقدار کو پیدا کرنا ہے.بانی پاکستان کےنظریات کےمطابق آج ہم انتھک محنت کرنےکےعہدکی تجدید کرتے ہیں۔