بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین سارو گنگولی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ کس ملک میں کرکٹ کا ٹیلنٹ ختم ہوگیا ہے۔ 52 سالہ سابق کپتان انڈین کرکٹ ٹیم سارو گنگولی پاکستان کی موجودہ کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس پر نہایت حیران نظر آئے اور انھوں نے نہایت بے رحمی سے گرین شرٹس کی پرفارمنس تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ تقریباً ختم ہوتا ہوا دکھ رہا ہے۔
سارو گنگولی نے کہا کہ میں اس ملک میں ٹیلنٹ کی حقیقی کمی دیکھ رہا ہوں، جب بھی ہم پاکستان کے بارے میں سوچتے ہیں، ہمیں میانداد، وسیم، وقار، سعید انور، محمد یوسف اور یونس خان یاد آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے پاکستان کی یادداشت ہے، لیکن یہ کرکٹ کی جدید نسل میں نظر نہیں آرہا، ہر نسل کو جیتنے کے لیے شاندار کھلاڑی پیدا کرنے ہوتے ہیں۔سارو گنگولی نے کہا کہ جب میں عالمی کرکٹ میں پاکستان کو دیکھتا ہوں میں نے انھیں ویسٹ انڈیز میں دیکھا، ورلڈ کپ کے دوران بھارت میں دیکھا اور اب بنگلہ دیش کی سیریز میں شکست کے بعد دیکھا، اس ملک میں ٹیلنٹ کی کمی ہے۔ سارو گنگولی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ سے جڑے لوگوں کو اس پر غور کرنا ہوگا، میں یہ بات بے عزتی کرنے کے لیے نہیں کہہ رہا ہوں، تاہم پرانے زمانے کے پاکستان کے پاس کچھ عظیم کرکٹرز تھے، جو مجھے اس اسکواڈ میں نظر نہیں آتے۔