نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں مزید 1 روپیہ 74 پیسے فی یونٹ اضافہ کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کے اطلاق کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا کی جانب سے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی مہنگی کردی گئی ہے، کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے بجلی اپریل تا جون 2024ء کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین سے بجلی کی قیمت میں اضافےکی وصولی ستمبر تا نومبر 2024ء کے 3 ماہ میں کی جائے گی، بجلی کی فی یونٹ قیمت مین ہونے والے اس اضافے سے صارفین پر 43 ارب 23 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ دوسری طرف اسلا م آباد کے صارفین کیلئے بجلی کے بلوں پر ریلیف بھی واپس لے لیاگیا ، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت کے بجلی صارفین 14 روپے یونٹ سبسڈی کے حق دار نہیں ہوں گے، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے جاری نوٹیفکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی علاقے کے صارفین کو ماہ ستمبر کے بجلی کے بل یکم جولائی کے نرخوں کے تحت ہی جاری ہوں گے۔ بتایا جارہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے بجلی کے بلوں پرسبسڈی دینے سے اتفاق نہیں کیا، آئی ایم ایف نے پنجاب کی طرف سے بجلی بلوں پر سبسڈی دینے پر بھی اعتراض کیا، آئی ایم ایف کا موقف ہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں بجلی کے بلوں پر سبسڈی دینے کی مجاز نہیں ہیں، بجلی بلوں پر سبسڈی سے قرض پروگرام کی منظوری خطرے میں پڑسکتی ہے کیوں کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے کے تحت بجلی اور گیس کے بلوں پر سبسڈی نہیں دی جاسکتی ان شعبوں میں سبسڈی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
عوام کی مشکلات میں اضافہ، بجلی مزید مہنگی ہوگئی
Sep 11, 2024 | 18:29