فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ضیاءالحق) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی بحال کی گئی تو اُسے روکنے کے لئے اٹھارہ کروڑ عوام احتجاج کریں گے۔ حافظ سعید کا کوئی قصور نہیں وہ ملک کے آزاد شہری ہیں دنیا کی کسی عدالت میں ان کے خلاف ثبوت دیئے جائیں وہ پیش ہونے کو تیار ہیں۔ موجودہ تمام قومی مسائل کے حل کے لئے مسلم لیگوں کا اتحاد ضروری ہے۔ میں نوازشریف سے قریبی رابطے میں ہوں اور مسلم لیگوں کے اتحاد کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی اور میاں ساجد حسین انجم بھی موجود تھے۔ اعجاز الحق نے کہا کہ صرف حکومتی کرپشن دس فیصد کم کر دی جائے تو سرکل ڈیبٹ اور تمام بحران حل ہو سکتے ہیں۔ ہمارے ہاں آج بھی بجلی کی سپلائی ڈیمانڈ سے زیادہ ہے مگر کرپشن کی وجہ سے بجلی پیدا نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مقابلے میں ہمارے ملک میں تیل کی قیمتیں چالیس فیصد زیادہ ہیں ان قیمتوں میں اضافہ شرمناک اور افسوسناک ہے۔ کیا صدر آصف زرداری نے ایسی منتیں مانگی تھیں کہ بحران بڑھانے ہیں۔ صدر زرداری کو ملاقات کے لئے بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے صرف آدھ گھنٹہ دیا۔ یہ ملاقات دراصل بیک ڈور ڈپلومیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات سیاچن اور سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد بھی ہمارے سپریم کمانڈر وہاں کیوں نہیں جاتے۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ حکومتی بے حسی کی حد ہے۔ انہوں نے کہا حسین حقانی نے چھ ہزار غیرملکی ایجنٹوں کو ویزے جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ علی موسیٰ گیلانی پر الزام نہیں لگانا چاہتا پر انہیں عدالت میں پیش ہو کر اپنی صفائی بیان کرنی چاہئے۔