مجید نظامی کو خراج تحسین‘ ”اعتراف خدمت“ پہلی تقریب پرسوں ہو گی

Apr 12, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی رپورٹر) مجید نظامی نے گذشتہ 50 برسوں میں نہ صرف ادارہ نوائے وقت کو وسعت بخشی ہے بلکہ اس کے نظریاتی تشخص کو مستحکم کرتے ہوئے اسے جدید تقاضوں سے بھی ہم آہنگ کیا ہے۔ انہوں نے فکر اقبالؒ اور قائداعظمؒ و مادر ملتؒ کی حیات و خدمات کو اپنے ساتھ پوری قوم کے لئے مشعل راہ بنایا ہے۔ اہم قومی معاملات پر جس بے باکی‘ جرات مندی اور ثابت قدمی سے نوائے وقت اور مجید نظامی نے قوم کی رہنمائی کی ہے۔ اسے ایک جہد مسلسل سے تعبیر کیا جا سکتا ہے اور عہد حاضر میں اس کی کوئی مثال ڈھونڈے نہیں ملتی۔ مجید نظامی کے بطور مدیر نوائے وقت پچاس سال مکمل ہونے پر مجلس کارکنان تحریک پاکستان اور مختلف صحافتی‘ نظریاتی‘ سماجی‘ قومی اور مذہبی تنظیموں کی طرف سے گولڈن جوبلی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ جن کا مقصد ان کی شاندار ملی‘ قومی‘ صحافتی اور دینی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے اور نسل نو کوان کی حیات و خدمات سے آگاہ کرنا ہے۔ اس سلسلہ کی پہلی تقریب ”اعتراف خدمت“ ہفتہ 14 اپریل 2012ءکو دس بجے صبح الحمرا ہال نمبر1 شاہراہ قائداعظم لاہور میں ہو گی۔ جس سے کارکنان تحریک پاکستان‘ ممتاز صحافی‘ دانشور‘ سیاسی و سماجی رہنما خطاب کریںگے۔ تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے اجلاس مجلس کارکنان تحریک پاکستان کے صدر کرنل (ر) جمشید احمد ترین کی زیر صدارت ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں کارکنان تحریک پاکستان‘ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ سیکرٹری استقبالیہ کمیٹی میاں فاروق الطاف‘ تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن اور حمید نظامیؒ میموریل سوسائٹی کے صدر کرنل (ر) امجد حسین سید‘ بریگیڈئر (ر) ظفر اقبال چودھری‘ خورشید احمد وائیں‘ سردار شجاع الدین‘ مرکزیہ مجلس اقبالؒ کی جانب سے ولید اقبال‘ قائداعظم فورم کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر ایم اے صوفی‘ رانا محمد ارشد پارلیمانی سیکرٹری‘ ڈاکٹر سید ندیم الحسن گیلانی صدر پبلک ریلیشنز ایسوسی ایشن‘ فرزندان پاکستان کی جانب سے خالد اللہ خان‘ عامر اسلم و عابد خورشید اور محمد ناصر خان‘ تحریک تکمیل پاکستان کی جانب سے منظور حسین خان ،ڈاکٹر محمد یعقوب ضیاء،ویمن رائٹس کمیشن کی چیئرپرسن محترمہ بیگم مہناز رفیع‘ اسلامیہ کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کی جانب سے پروفیسر آغا نصیر‘ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ادیب جاودانی‘ پاکستان لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری خورشید احمد‘ مادر ملت ایجوکیشنل فا¶نڈیشن کی جانب سے بیگم ثریا خورشید‘ تنظیم الفجر پاکستان کی جانب سے پیرزادہ اکمل اویسی‘ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک افیئرز پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر غلام فرید اور ادارہ قومی تشخص کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم کے اس بطل جلیل کی خدمات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور بالخصوص وطن عزیز کے نوجوانوں کو سول اور فوجی آمریت کے خلاف ان کی پامردی اور استقامت سے آگاہ کرنے کے لئے تسلسل کے ساتھ ایسی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ دوران تقریب شاہد رشید کی کتاب ”مجید نظامی اعتراف خدمت“ کی رونمائی بھی ہو گی۔
مزیدخبریں