لاہور (سپورٹس رپورٹر) جرمنی، بیلجیئم اور ہالینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعرات کے روز بھی نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری رہا۔ کھلاڑیوں نے ہیڈ کوچ رانا مجاہد علی اور کوچ دانش کلیم کی نگرانی میں دو مختلف سیشز میں ٹریننگ کی۔ قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے کوچ دانش کلیم نے کہا ہے کہ جرمنی، بیلجیئم اور ہالینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز رواں سال ہونے والے جونیئر ورلڈکپ کی تیاری کا حصہ ہے اور دورہ میں ٹیم بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جونیئر ورلڈکپ تک ٹیم کا بہترین کمبی نیشن بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کو گول سکورنگ، شارٹ کارنر، گول کیپنگ اور فزیکل ٹریننگ دی جا رہی ہے اور لڑکے کافی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ دانش کلیم نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں لگائی گئی نئی بلیو ٹرف میں ابھی بھی گیند اچھل کرآ رہا ہے۔ ٹرف کو کھچائی کی ضرورت ہے۔ ٹرف کے ٹھیکیداروں سے جب بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ ٹرف پر زیادہ سے زیادہ کھیل ہوگا تو ٹرف ایڈجسٹ ہو جائے گی اور پھر اسکی کھچائی میں آسانی ہو گی۔