حیدرآباد : متحدہ کا امیدوار قتل‘ کراچی 3 ٹریفک وارڈنوں سمیت مزید 13 جاں بحق‘ لگتا ہے ہمارے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا : فاروق ستار

حیدر آباد+کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) حیدر آباد میں متحدہ کے امیدوار فخرالاسلام کو قتل کردیا گیا جبکہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے دوران 3 ٹریفک وارڈنز اور متحدہ کے ایک کارکن سمیت مزید 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ادھر متحدہ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی آپریشن ہو رہا ہے کارکنوں کی لاشیں اٹھا رہے ہیں فخرالاسلام ہالا ناکہ کے علاقہ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار تھے وہ اینے دفتر سے گھر جانے کے لئے نکلے تھے کہ موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے گولیوں سے بھون دیا موقع پر جاں بحق ہوگئے جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور ہائی فائرنگ کی گئی۔ کاروبار بند کرا دیئے گئے ادھر کراچی میں دستی بم کے دھماکے سے بھی ایک شخص زخمی ہوا۔ گلبرگ میں پیالہ ہوٹل کے نزدیک دکان پر فائرنگ کے نتیجہ میں شیراز ہلاک اور فہد زخمی ہوگیا۔ مقتول شیراز متحدہ قومی موومنٹ کا عہدیدار تھا۔ کشیدگی کے بعد دکانیں بند ہوگئیں قبل ازیں نیو کراچی میں دو افراد ارشاد ار اکرام الدین ہلاک اور دو افراد عثمان اور رضوان زخمی ہوگئے۔ ادھرعوامی کالونی میں فاروق کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، مومن آباد میں بیھ محمد اکرم کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا، مسلح ملزمان نے حشمت علی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ کھارادار اور نصرت بھٹو کالونی سے دو افراد کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ ادھر میٹھادر کے علاقے میں آئی آئی چندریگر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک عورت 28 سالہ ارم زخمی ہوگئی جبکہ ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی میں گارڈن کے نزدیک موٹرسائیکل سوار دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں سہراب گوٹھ میں گبول مارکیٹ کے نزدیک سے ایک شخص کی لاش ملی۔ سولجر بازار میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 3 سٹی ٹریفک وارڈن محمد صادق، فاروق اور نصراللہ ہلاک ہوگئے۔ اس کے علاوہ ملیر سٹی میں بھی ایک شخص کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت سندھ نے اسلحہ کی نمائش اور اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کر دی اور اسلحہ لے کر چلنے سے متعلق تمام اجازت نامے منسوخ کردیئے۔ ادھر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تحریک طالبان کے مبینہ 18 ارکان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پریڈی تھانے کے انچارج انسپکٹر آغا اسد کے قتل کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج جب کہ قتل کے الزام میں کانسٹیبل نزاکت کو باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ے۔علاوہ ازیں گڈاپ کی آٹھ یونین کونسل میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے آغاز پر پولیو ورکرز نے سکیورٹی فراہم نہ کئے جانے پر احتجاج کیا اور پولیو مہم نہ چلانے کا اعلان کر دیا۔ پولیو ورکرز کا کہنا ہے کہ گڈاٹ ٹاﺅن پولیو مہم کے حساس ترین علاقوں میں سے ایک ہے مگر سکیورٹی کے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے۔ بعدازاں سکیورٹی انتظامات ہونے پر مہم کے دوران بچوں کو قطرے پلائے گئے۔ صدر آصف علی زرداری، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت متعدد رہنماﺅں نے فخرالاسلام کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ الطاف حسین نے کہا کہ فخرالاسلام کے قتل کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایم کیوایم کے تمام نامزد امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ جو بزدل دہشت گرد یہ عمل کرکے سمجھ رہے ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کے حوصلوں کو پست کر دیں گے انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ ایم کیو ایم 35 سالہ جدوجہد کے دوران آگ اور خون کے دریا عبور کرتی رہی ہے۔الطاف حسین نے فخرالاسلام کے چھوٹے بھائی امیدوار افتخار احمد سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے دہشت گردوں کے ہاتھوں فخرالاسلام کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی آپریشن ہو رہا ہے کارکنوں کی لاشیں اٹھا رہے ہیں دہشت گرد کھلے عام ہمارے کارکنوں کو قتل کر رہے ہیں۔ قاتلوں اور دہشت گردوں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جن سے ایم کیو ایم کے خلاف ریاستی آپریشن کا گمان ہوتا ہے ایم کیو ایم کی ہمیشہ یہ پالیسی رہی کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم کی آزادی سلب کی جا رہی ہے ہماری جدوجہد منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گی۔ ریاستی کارروائیوں کا رخ نوگو ایریاز کی بجائے پرامن علاقوں کی طرف ہے۔ ایم کیو ایم کو چند علاقوں تک محدود کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ادھر نگران وزیراعظم میرہزار خان کھوسو نے فخرالاسلام کے قتل کا نوٹس لے لیا اور انہوں نے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی اور امیدواروں کو سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ادھر نگران وزیراعلیٰ نے بھی قتل کا نوٹس لیا۔ رات گئے پولیس کے مطابق اورنگی ٹاﺅن یں ایک بند شو روم پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
کراچی/حیدر آباد قتل

ای پیپر دی نیشن