اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت 70ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں آئندہ عام اتنخابات کے بارے میں سکیورٹی پلان کی حتمی منظوری دیدی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج الیکشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق ملک بھر میں سکیورٹی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی اس ششماہی کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف افسروں اور تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی، کانفرنس میں ملک کی خارجی اور داخلی سکیورٹی کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی اور الیکشن کمشن کی درخواست پر عام انتخابات میں سکیورٹی پلان فراہم کرنے کے پر بھی غور کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونےوالے بیان کے مطابق کانفرنس کو اندرونی و بیرونی سکیورٹی ماحول اور پیشہ وارانہ امور پر جامع بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں مئی کے انتخابات میں سکیورٹی کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا الیکشن کمیشن کی طرف سے پیش کئے گئے ہیں اور ذرائع کے مطابق انہیں حتمی شکل دی گئی۔ کانفرنس میں عام انتخابات پرامن ماحول میں کرانے کیلئے تفصیلات بھی طے کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران نگران حکومت کو پرامن اور منصفانہ انتخابات کیلئے بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور اور آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایک ذریعے کے مطابق فارمیشن کمانڈروں کی یہ کانفرنس حسن اتفاق سے اس وقت ہوئی جس ملک میں عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہو چکا ہے۔ فارمیشن کمانڈروں کی اس کانفرنس میں آرمی چیف کو بری فوج کی درمیانے درجے کی کمان کے ساتھ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کی ضروریات، اس ضمن میں فوج کی استعداد اور ممکنہ مدد کے بارے میں تفصیل کے ساتھ مشاورت کا زریں موقع مل گیا ہے۔
فارمیشن کمانڈرز