لاہور (نیوز رپورٹر) 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت کے پیش نظر اس منصوبے کی شیڈول کے مطابق 2016ءمیں تکمیل کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں، منصوبہ کے لئے 67 کلومیٹر طویل سرنگوں میں سے 33کلومیٹر سرنگوں کی کھدائی مکمل کی جاچکی ہے ۔ اسی طرح زیر زمین پاور ہاﺅس کی کھدائی 70فیصد اور ٹرانسفارمرز ہال کی کھدائی 95فیصد مکمل ہوچکی ہے جبکہ پراجیکٹ کا ڈی سینڈر 88فیصد اور نوسیری پُل 100فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین واپڈا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے حوالے سے واپڈا ہاﺅس میں منعقدہونے والے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ ملک میں سستی پن بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان کے لئے مغربی دریاﺅں کے پانی کے استحقاقی استعمال کے لئے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
نیلم جہلم پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: چیئرمین واپڈا
Apr 12, 2013