لندن (بی سی اردو) وائٹ ہائوس نے اقوام متحدہ میں ایران کے نومنتخب کردہ سفیر حمید ابوطالبی کو امریکی ویزا دینے سے انکار کر دیا جبکہ امریکی پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے حمید ابو طالبی کو امریکہ میں داخل ہونے کے خلاف ووٹ دیا۔ واضح رہے کہ امریکہ نے اس سے پہلے اقوام متحدہ کے کسی بھی سفارتکار کو ویزا دینے سے انکار نہیں کیا۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان جے کارنی نے کہا کہ امریکہ نے اقوام متحدہ اور ایران کو بتا دیا ہے کہ حمید ابوطالبی کو ویزاجاری نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر کے طورپر حمید ابوطالبی کا نام واپس نہیں لیا جائے گا۔ خیال رہے کہ حمید ابوطالبی اس طلباء تحریک کا حصہ تھے جس نے 1979ء میں تہران میں امریکی سفارتخانے پر قبضہ کرکے وہاں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔ جمعرات کو منظور ہونے والے مسودۂ قانون کے تحت ان افراد کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے جنہوں نے جاسوسی یا دہشت گردی میں حصہ لیا ہو اور جو قومی سلامتی کیلئے خطرے کا باعث ہوں۔
امریکہ کا ایرانی سفیر کو ویزا دینے سے انکار‘ نام واپس نہیں لیں گے: ایران
Apr 12, 2014