اسلام آباد (این این آئی) اپوزیشن جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تحفظ پاکستان بل سینٹ سے منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابر غوری نے پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن، عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی عدیل اور مسلم لیگ (ق)کے کامل علی آغا سے رابطہ کر کے سینٹ میں تحفظ پاکستان بل کی مخالفت کرنے کی تجویز دی جس پر تمام جماعتوں نے بل کی سخت مخالفت کی یقین دہانی کرائی، بابر غوری نے کہاکہ یہ بل آمرانہ اور بے رحم قانون ہے۔ ایم کیوایم ظالمانہ قانون کے خلاف ہرسطح پر احتجاج کرے گی۔ سینیٹر اعتزاز احسن، سینیٹر حاجی عدیل اور سنیٹر کامل علی آغا نے ایم کیوایم کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ تحفظ پاکستان بل کی سینیٹ میں بھرپورمخالفت کی جائے گی اور یہ بل کسی صورت منظور نہیں ہونے دیا جائے گا۔