اسلام آباد (ثناء نیوز + نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ کویت کی طرف سے دفاعی ونگ کھولنے کی درخواست ضرور ملی ہے جس پر ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت کی طرف سے دفاعی ونگ کھولنے کی درخواست پر غور کیا جا رہا ہے۔ عسکری ونگ کے بارے میں قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ کسی کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا حق نہیں، طالبان سے مذاکرات پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ بھارت میں نئی منتخب ہونے والی حکومت سے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ بھارت سے مذاکرات کے لئے 8 نکاتی ایجنڈا موجود ہے لیکن مذاکراتی عمل 3 سال سے رکا ہوا ہے، جونہی بحال ہوا تو پاکستان کا موقف واضح ہوگا۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات خوش آئند ہیں، وہاں جمہوریت کا تسلسل خطے کے لئے اہم ہے۔ وزیراعظم کے دورہ ایران کی ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں ہوئی، ایران کے ساتھ تعلقات کسی ایک ایشو تک محدود نہیں، یہ دوستانہ روابط ہیں۔ پاکستان روس کے ساتھ معاشی تعلقات مزید مستحکم کررہا ہے اور سیکرٹری خارجہ کے حالیہ دورہ روس میں اقتصادی تعلقات کے فروغ دینے پر بات چیت ہوئی ہے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات خوش آئند ہیں وہاں جمہوریت کا تسلسل خطے کیلئے اہم ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ پاکستانی عسکری ماہرین 11 ہزار کویتی فوجیوں کو تربیت دیں گے۔