اسلام آباد (آن لائن) تحریک طالبان کی جنگ بندی کی مدت ختم، مزید بڑھانے پر معاملہ ابہام کا شکار ہوگیا۔ مولانا سمیع الحق کے طالبان قیادت سے رابطے، آپسی جھگڑوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کا متفقہ اعلان کیا جائے، قیدیوں کی رہائی کیلئے حکومت سے بات چیت کرونگا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے یکم مارچ کو اعلان کردہ ایک ماہ کی جنگ بندی اور پھر اس میں 10 دن کی توسیع جمعرات کو ختم ہوچکی ہے اور اب جنگ بندی میں توسیع پر معاملہ ابہام کا شکار ہوگیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے ’’آن لائن‘‘ کو بتایا کہ طالبان کی جانب سے مذاکرات کیلئے نامزد کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے گزشتہ روز طالبان شوریٰ سے دوبارہ رابطہ کر کے انہیں جنگ بندی میں توسیع کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ مولانا سمیع الحق نے طالبان شوریٰ میں جنگ بندی میں توسیع پر اختلافات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیز فائر میں توسیع کا مشورہ دیا۔ جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ نے طالبان شوریٰ کو یقین دلایا کہ وہ قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے حکومت سے بات چیت کریں گے۔