لاہور(خبرنگار) پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہونے کی دعویدار پیپلزپارٹی لاہور اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے 20 وارڈوں میں 15 امیدوار سامنے لاسکی ہے۔ پیپلزپارٹی لاہور کی قیادت کے مطابق 15 امیدوار میدان میں اتارے ہیں جبکہ 16 ویں کی حمایت کررہے ہیں یعنی 4 نشستوں پر پی پی پی کے پاس امیدوار ہی نہیں ہیں۔ یہ حالت اس جماعت کی ہے جو کبھی اس صوبے پر حکمران رہی۔ اگر یہی صورتحال رہی تو 25 ستمبر کو لاہور میں بلدیاتی انتخابات میں 272 نشستوں پر شاید پیپلزپارٹی کے پاس 200 امیدوار بھی نہ ہوں۔ لاہور میں والٹن کنٹونمنٹ کے وارڈ ایک اور 2 میں پیپلزپارٹی کے پاس امیدوار نہیں ہے۔ وارڈ 3 میں عباس نمبردار، 4 میں شریف مغل، 5 میں پرویز راجن گل، 6میں غلام رسول، 7 میں چودھری شریف ایڈووکیٹ، 9 میں عدنان باری اور 10 میں میاں صفدر امیدوار ہیں۔ وارڈ8 میں پیپلزپارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں جانیوالے شوکت جٹ کی پارٹی میں واپسی پر پارٹی کا فیصلہ ان کے حق میں بدل رہا ہے۔ پیپلزپارٹی لاہورکے جنرل سیکرٹری رانا اشعر کے مطابق اس حلقے سے شیخ خدمت علی کو ٹکٹ دیا تھا مگر شوکت جٹ سے تحریک انصاف نے ٹکٹ واپس لے لی ہے لہٰذا وہ واپس آگئے ہیں اس لئے وہی امیدوار ہوں گے۔ لاہور کنٹونمنٹ بورڈز میں وارڈ 1 میں واحد چودھری، 2 میں علی مہدی، 3 میں طارق محمود بٹ، 4 میں پارٹی کے حمایت یافتہ چودھری محمد اشرف، 5 میں فراز زیدی مگر ٹکٹ ان کے پاس بھی نہیں ہے، 7 میں عمران علی بھٹی، 8 میں شبر علی خان، 9 میں راشد فیروز اور 10 میں میاں زاہد انجم امیدوار ہوں گے۔ وارڈ 6 جو کہ عسکری 10، عسکری 9 اور عسکری (ون) سمیت ملحقہ آبادی پر مشتمل ہے میں بھی پیپلزپارٹی نے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا۔
لاہور کے 2 کنٹونمنٹ بورڈ میں پیپلزپارٹی تمام نشستوں پر امیدوار نہ لاسکی
Apr 12, 2015