لاہور (نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سخت موسم میں تربیتی کیمپ کے دوران تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت سے کام کیا ہے۔ تمام شعبوں پر توجہ دی گئی۔ بالخصوص فٹنس پر کام کیا گیا ہے۔ دورے کی تیاریوں سے کوچز بھی مطمئن ہیں۔ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے امید ہے کہ وہ کچھ کرکے دکھائیں گے۔ اظہر علی حقیقی طور پر ایک پروفیشنل کھلاڑی ہیں۔ قائدانہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے وہ کامیاب ہیں امید ہے صلاحیتیں بھی موجود ہیں بحیثیت کپتان بھی وہ اچھے نتائج دیں گے۔ عالمی کپ کے دوران ڈسپلن کی خلاف ورزی کا کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔ ڈسپلن کے معاملے پر کرکٹ بورڈ کی ”زیروٹالزینس“ پالیسی ہے۔ اس پر ہر صورت عمل کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کی ذمہ داری ہے اور کپتان کی تقرری کرکٹ بورڈ کا کام ہے۔ میری رائے پوچھی جائے تو ضرور دیتا ہوں۔ ایک سوال پر نوید اکرم چیمہ کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو میری ضرورت ہو گی کام کرتا رہوں گا۔