ساگا کپ : کرکٹ سنٹر کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی

Apr 12, 2016

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) ساگا کپ 2016ء کے پہلے سیمی فائنل میں کرکٹ سنٹر نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پی اینڈ ٹی جمخانہ کو پہلے سیمی فائنل میں دو رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ساگا کرکٹ کپ 2016ء لاہور کے ٹاپ آٹھ کلبوں کے درمیان ون ڈے ٹورنامنٹ ہو رہا ہے۔ پہلا سیمی فائنل کرکٹ سنٹر کی گرائونڈ میں کھیلا گیا۔ کرکٹ سنٹر کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 40 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 195 رنز بنائے۔ عمر اکمل 41، شجاع حیدر 36 اور انس محمود 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پی اینڈ ٹی جمخانہ کی طرف سے بائولنگ میں محمد عاصم نے 43 رنز دے کر تین وکٹ، قیصر اشرف اور عثمان علی نے دو دو وکٹ حاصل کیے۔ جواب میں پی اینڈ ٹی جمخانہ کی بیٹنگ کئی موقع پر لڑکھڑائی مگر ٹارگٹ کے قریب پہنچ کر بلے باز آخری بال پر تین رنز نہ بنا سکے۔ آخری دو اوورز میں پی اینڈ ٹی جمخانہ کو صرف 12 رنز درکار تھے جبکہ ان کی تین وکٹیں موجود تھیں مگر کامران اکمل کی شاندار کپتانی کی وجہ سے پی اینڈ ٹی جمخانہ جمخانہ کی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ سکی۔

مزیدخبریں