دہشتگردی کے پیچھے کار فرما مائینڈ سیٹ کو ختم کرنا ہو گا: امین وینس

Apr 12, 2016

لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے ہم سب کو ملکر اس کے پیچھے کار فرما مائنڈ سیٹ ختم کرنا ہوگا ،جو نا صرف اسلامی تعلیمات کے برعکس ہے بلکہ اخلاقی اقدار کے بھی سریحاًخلاف ہے ۔اُنہوںنے مزید کہا کہ اگر ہم سب ان مٹھی بھر درندہ نما دہشت گردوں کے خلاف اکٹھے ہو جائیں تو یہ کسی صورت اپنے مقصد میںکامیاب نہیں ہو سکتے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز( یو ایم ٹی) یونیورسٹی میں طلبا و طالبات کو سکیورٹی اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے لیکچر دیتے ہوئے کیا۔۔ انہوں نے کہا ان ناسوروں کو پناہ دینے والے سہولت کاروں کو بے نقاب کریں اور انہیں اپنے درمیان کسی صورت نہ رہنے دیں ۔ اس موقع پر ریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر حسن صہیب مراد ، ڈائریکٹر جنرل عابد شیروانی، ایس پی صدر فیصل مختار اور ایس پی ٹریفک ندا چٹھہ کے علاوہ یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا و طالبات بھی موجود تھے۔ دریں اثناء سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہر کے 700سے زائد بینکوں اور تھیٹرز کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتے ۔

مزیدخبریں