عمر کوٹ (نمائندہ نوائے وقت) ایف بی آر کے ونگ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کی اسپیشل ٹیم نے عمر کوٹ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر نان کسٹم اشیاءجن میں سگریٹ‘ گٹکا اور جعلی اشیاءکی بھاری مقدار اپنے قبضے میں لے لی‘ جعلی اشیاءکا کاروبار اور ٹیکس ادا نہ کرنے والے دکانداروں میں کھلبلی مچ گئی اور کچھ دکاندار اپنی دکانیں بند کر کے رفوچکر ہو گئے۔ عمر کوٹ تھر بازار‘ جمیل مارکیٹ اور دیگر مختلف جگہوں پر ایف بی آر کے ونگ آئی اینڈ آئی انٹیلی جنس انویسٹی گیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ممتاز علی تھیبو کی قیادت میں اسپیشل ٹیم نے عمر کوٹ پولیس کی مدد سے آپریشن کرتے ہوئے تھر بازار‘ جمیل مارکیٹ وغیرہ میں کارروائی کرتے ہوئے نان کسٹم سگریٹ کے مختلف لوکل اور غیر ملکی برانڈ کے 200 سے زائد کارٹن اور دیگر نان کسٹم اشیاءاپنے قبضے میں لے لیں۔ ممتاز علی تھیبو نے کہاکہ ہم ٹیکس ادائیگی نہ کرنے اور جعلی اشیاءکا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ اگر کسی تاجر کے پاس اپنے ٹیکس ادائیگی کے ثبوت ہیں تو وہ اپنے کاغذات پیش کر کے اپنا سامان لے سکتا ہے۔ عمر کوٹ کی مارکیٹ میں ایف بی آر کی کارروائی سے نان کسٹم اشیاءکا کاروبار کرنے والے تاجروں میں کھلبلی مچ گئی جبکہ اس موقع پر کچھ تاجروں کا کہنا تھا کہ ہم سے ٹیم نے غلط رویہ روا رکھا اور زیادتی کی گئی جبکہ ایف بی آر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ممتاز علی تھیبو نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
عمر کوٹ/ چھاپے
عمر کوٹ کے بازاروں میں چھاپے‘ سگریٹ‘ گٹکا و دیگر نان کسٹمز اشیاءضبط
Apr 12, 2017