اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) انتخابی اصلاحات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے پیش کردہ تجاویز میں آئندہ الیکشن الیکٹرانک مشین کے ذریعے کرانے اور شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کو خودمختار بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زاہد حامد کی زیر صدارت انتخابی اصلاحات کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں تحریک انصاف نے نئی تجاویز پیش کر دیں۔ تجویز میں کہا گیا نگران حکومت کے لئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کو خود مختار بنایا جائے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن کی تعیناتی الیکشن کمیشن خود کرے۔ الیکشن کمشن کے ممبران کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کرے۔ الیکشن الیکٹرانک مشین کے ذریعے کرانے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے تجویز میں یہ بھی کہا سمندر پار پاکستانیوں کو بھی ووٹ کا حق دیا جائے۔ پٹرننگ افسر 19 گریڈ کا افسر ہونا چاہیے۔ دفاعی اداروں سمیت تمام محکموں سے ریٹرننگ افسر لیے جائیں۔ الیکشن سے 60روز قبل انتخابی فہرست آویزاں کی جائے۔ تمام پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے اور پولنگ سامان کی ترسیل اور نتائج مکمل ہونے تک فوج موجود رہے۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی
آئندہ انتخابات کا الیکٹرانک مشین کے ذریعے انعقاد الیکشن کمشن کو خود مختار بنایا جائے : تحریک انصاف کی تجاویز
Apr 12, 2017