ڈیلاس : تارکین وطن کے حقوق اور امیگریشن اصلاحات کیلئے ہزاروں افراد کا مارچ

Apr 12, 2017

ڈیلاس(آن لائن)ڈیلاس میں تارکین وطن کے حقوق اور امیگریشن اصلاحات کیلئے ہزاروں مرد و خواتین بچوں نے ڈاﺅن ٹاﺅن میں مظاہرہ کیا ، مارچ میں ارکان کانگریس،منتخب نمائندوں اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق ڈیلاس ڈاﺅن ٹاﺅن میں امیگریشن اصلاحات کیلئے ہونے والے اس مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھر پور نعرہ بازی کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا،مظاہرین امریکی پرچم کے رنگوںوالے لباس ٹوپیاں اور حجاب زیب تن کیے ہوئے تھے۔جبکہ ہاتھوں میں امریکی پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔مظاہرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسوں کے خلاف نعرہ بازی کی ،سٹی ہال پر جمع ہونے والے مظاہرین سے ارکان کانگریس منتخب نمائندوں،مسلم رہنماﺅں اور انسانی حقوق کے علمبردار مارتھر لوتھر کنگ سوئم نے خطاب کیا۔کانگریس کے رکن مارک ویسی نے کہا کہ امریکہ میں بسنے والے عوام کو اپنے حقوق کیلئے اس طرح احتجاج بلند کرنا ہو گا تاکہ موجودہ حکومت کوئی ایسا اقدام نہ اٹھا سکے جس سے شہریوں کے حقوق متاثر ہوں۔آسٹن سے امریکی کانگریس کے رکن بیواو روتک اور جوکن کاسترو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری 2020تک انتظار نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ درمیانی مدت کے انتخابات میں عوام الناس بھر پور ووٹ دے کر ایسے ارکان کانگریس اور سینٹ کو منتخب کریں جو کہ آپ کی حقیقی آواز ہوں اور آپ کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہوں۔اسلامک سوسائٹی امریکہ کے صدر اظہر عزیز اور کیئر کے رہنما امام شیخ عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمان اس سوسائٹی کا حصہ ہیں اور مذہب کی بنیاد پر ان کے ساتھ ناانصافی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام فوبیا کے ذریعہ نفرت کی دیواریں کھڑی کی جا رہی ہیں۔مارچ کے آرگنائزر اٹارنی دومیگو گارسیا نے کہا کہ ہم نے آنے والے افراد سے گزارش کی تھی کہ امریکی پرچم کے رنگوں کی مناسبت سے کپڑے اور دیگر اشیاء زیب تن کر کے آئیں اور آپ نے دیکھا کہ آج ہزاروں لوگ امریکی پرچم اٹھائے مارچ کرتے نظر آئے،انہوں نے کہا کہ یہی امریکہ ہے اور یہی اس کی اقدار اور روایت ہے۔مارچ کے موقع پر سینکڑوں پولیس اہلکار سکیورٹی کے لئے تعینات تھے۔

مزیدخبریں