لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ ٹیکس بار کونسلز عوامی مفادات کی جنگ لڑتی ہیں انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اس جنگ میں اپنے ذاتی مفادات کو آڑے نہ آنے دیا جائے اور تعصّب سے پاک فیصلے کیے جائیں۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے اپیلنٹ ٹربیونل کے تحت ای کورٹس کا قیام حکومت پنجاب کی جانب سے ٹیکس کلچر میں تبدیلی کی جانب ایک اور مثبت قدم ہے جو ٹیکس دہندگان کو اُن کے گھر کو اُن کے گھر کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے ساتھ ٹیکس ایجنسیوں کے حقوق کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گی۔ ٹیکس فائلنگ اورریٹرنز فارم کو سادہ اور عام فہم بنایا جائے گا تاکہ ٹیکس گزاران کوعلم ہو کے وہ کن شرائط و ضوابط کے تحت ٹیکس نیٹ میں لائے جا رہے ہیں اور ایجنسی کو کیا معلومات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تحت ٹیکس ڈے کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ٹیکس نظام میں مزید اصلاحات کے لیے دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو اپنا سفیر (Ambassador) بنا رہی ہے ۔ اس مقصد کے لیے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سیمینار کروائے جا رہے ہیںسیمینار میں ڈائریکٹر جنرل آئی اینڈ آئی فیڈرل بورڈ آف ریونیوخواجہ تنویر، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ظفر،پاکستان ٹیکس بارکے صدر محسن ندیم،لاہور ٹیکس بار کے صدر چوہدری قمر الزمان، سندھ ریونیو اتھارٹی کے نمائندہ عثمان معظم،بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے مسعود صابر،خیبر پی کے ریونیو اتھارٹی سے شاہنواز خان ،آئی کیپ کے سابق صدر عمران افضل ، ، گز کے نمائندہ سید مہدی رضا ،ورلڈ بنک اور میکینزے اینڈ کمپنی کے نمائندگان اور مختلف یونیورسٹی سے اقتصادیات کے شعبہ کے محققین اور ماہرین نے شرکت کی۔
ٹیکس بار کونسلز عوامی مفادات کی جنگ لڑتی ہیں: ڈاکٹر عائشہ غوث
Apr 12, 2017