کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں پنجاب میںسفارش دھونس دھاندلی اور اقرباپروری کے بت توڑدئیے:شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل پاکستان کے تابناک مستقبل کی ضمانت ہے اور نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی قوم کے روشن مستقبل کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے اور اس مقصد کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیں گے۔ پنجاب حکومت طلبا و طالبات کو چینی زبان سیکھنے کیلئے چین بھجوا رہی ہے اور ان طلبا و طالبات کیلئے وسائل مہیا کرنا اخراجات نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل پر بہت بڑی سرمایہ کاری ہے کیونکہ پاکستان کا مستقبل انہی نوجوانوں سے جڑا ہوا ہے۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار زبان سیکھنے کیلئے چین جانے والے طلباء کے وفد کیساتھ ملاقات میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلباء کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔ چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کا انتخاب سو فیصد میرٹ پر کیا گیا ہے اور میرٹ ہی پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے ۔ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے۔ پاکستان اور چین کے تعلقات اقوام عالم کے دیگر ممالک کے تعلقات سے منفرد اور لازوال ہیں۔ چین معاشی، تجارتی اور دیگر شعبوں میں پاکستان میں عظیم سرمایہ کاری کر رہا ہے جس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں۔ جو لوگ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے وہ توانائی خصوصاً کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے سے کیڑے نکال رہے ہیں۔ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پاور پلانٹ کیلئے سپر کریٹیکل بوائلرز لگائے جا رہے ہیں جو کہ بین الاقوامی معیار کے ہیں اور اس منصوبے میں ہر طرح کے ماحولیاتی سٹینڈرز کا خیال رکھا گیا ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ فوسل انرجی کو فروغ دیں گے اور وہ بھی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی جانب جارہے ہیں، اسی طرح بھارت میں کوئلے سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے اور ہمارے پاس تھر کول جیسے بہترین ذخائر موجود ہیں، ہمیں ان سے فائدہ اٹھانا ہے نہ کہ ان کو بند کرنا ہے لیکن ہم نے ماحولیاتی چیلنجز کا خاص خیال رکھنا ہے اور کوئلے کے پاور پلانٹ میں اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، معاشی ترقی ہوگی، خوشحالی آئے گی اور ترقی کا پہیہ تیز ہوگا، یہ وہ تمام فوائد ہیں جن سے استفادہ کرنے کیلئے زبان پر عبور بہت ضروری ہے تاکہ ہم پاک چین تعلقات میں وسعت سے فائدہ حاصل کرسکیں ۔سی پیک کے منصوبوں سے استفادہ کرنے کیلئے چینی زبان سیکھنا ضروری ہے‘ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اب فاصلے سمٹ گئے ہیں اور آپ بیجنگ میں بیٹھ کر اپنے گھر والوں کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے باقاعدگی سے رابطے میں رہ سکتے ہیں۔ پنجاب میں صرف میرٹ ہی چلتا ہے اور میرٹ ہی سکہ رائج الوقت ہے۔ پنجاب میں سفارش، دھونس دھاندلی ،اقرباء پروری اور کرپشن کے بتوں کو توڑ دیاگیا ہے۔پنجاب حکومت میرٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صوبے میں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کی ترقی نہ چاہنے والے بلاجواز تنقید کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری آپ کو نصیحت ہے کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں اور آپ نے چین میں پاکستان کے سفیر بن کر ملک اورقوم کا نام روشن کرنا ہے۔ اس سے قبل کسی حکومت کو پانچ طلبا و طالبات کو بھی چینی زبان سیکھانے چین بھجوانے کی توفیق نہیں ہوئی بلکہ ماضی کے ادوار میں وسائل پر بدترین ڈاکہ زنی کی گئی۔ اگر یہ ڈاکہ زنی نہ کی جاتی تو یہ پروگرام کہیں پہلے شروع ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے طلباء و طالبات پر مجموعی طورپر 2ارب 28کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اوریہ وسائل پنجاب حکومت نے خود فراہم کیے ہیں جبکہ ایک بچے پر 45لاکھ روپے سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔ ہم نے کسی سے قرض لیا ہے نہ امداد بلکہ تمام وسائل پنجاب حکومت نے فراہم کیے ہیں اور یہ ہم اپنے مستقبل پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ پاکستان کا نظام بدل رہا ہے ،خوشگوار تبدیلی آرہی ہے اور پاکستان آگے بڑھ رہا ہے ، جس کی گواہی اس ہال میں بیٹھے میرٹ پر منتخب ان بچوں کے دمکتے چہرے او رروشن اذہان دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سے وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان سمیت خطے کیلئے گیم چینجر ہے اور اس منصوبے نے معاشی و تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھول دی ہیں جبکہ دیگر ممالک کی جانب سے سی پیک میں شمولیت میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ پاکستان کے دوست سی پیک سے خوش ہیں جبکہ دشمن اس عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج سے پریشان ہے۔ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کوئی مخالف بھی ہمارے منصوبوں کی شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا‘ دھرنوں اور لاک ڈائون کے ذریعے پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش کی گئی، تاہم باشعور عوام نے لاتعلق رہ کر اس سازش کو ناکام بنایا اورملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے خلاف سازشیں کرنے والے بعض سیاسی عناصرآج تنہا ہو چکے ہیں اور باشعور عوام منفی سیاست سے لاتعلق ہوچکے ہیں۔ شہباز شریف اور گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، امن عامہ کی صورتحال اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ چار برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی اور خدمت خلق ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے‘ موجود ہ حکومت دیہی اورشہری علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل پیر اہے اورعوام کی فلاح و بہبود کیلئے صوبے میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کو فروغ دیا ہے۔ شہبازشریف نے اقوام متحدہ کی امن کی سفیر مقرر ہونے پر ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...