کراچی (پ ر) قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت ضلع نواب شاہ شہید بے نظیر آباد میں امراض قلب کی سہولیات کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ سیٹلائٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ جس کا افتتاح جمعہ13 اپریل کو ہوگا۔ جس کے بعد نواب شاہ کے مریضوں کو گھر کے قریب امراض قلب کے علاج کی جدید اور بہترین سہولیات میسر ہوسکیں گی۔ اس سے قبل قومی ادارہ برائے امراض قلب کے تحت لاڑکانہ‘ ٹنڈو محمد خان‘ حیدرآباد‘ سیہون اور سکھر میں سیٹلائٹ سینٹرز قائم کیئے جاچکے ہیں جہاں عوام کو امراض قلب کی مفت سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے بتایا کہ این آئی سی وی ڈی کے تحت یہ سندھ کے چھٹے ضلع میں سیٹلائٹ ہوگا جو پیپلز میڈیکل کالج اسپتال نواب شاہ شہید بینظیر آباد میں قائم کیا گیا ہے۔ اس سینٹر میں بین الاقوامی اور مقامی اعلیٰ تربیت یافتہ اور تجربہ کار امراضِ قلب کے ماہرین‘ نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف مریضوں کو خدمات فراہم کریں گے۔ سینٹر میں جدید آلات سے آراستہ شعبہ حادثات‘ کیتھ لیب‘ انتہائی نگہداشت کا یونٹ اور مشورہ کلینکس ہیںجہاں اعلیٰ معیار کی تشخیص‘24 گھنٹے ہنگامی طبی امداد‘ بڑوں اور بچوں میں امراضِ قلب کاعلاج‘ ایکو کارڈیو گرافی‘ کورونری آرٹری انجیو پلاسٹی اور انجیو گرافی کی سہولیات دی جائیں گی۔
قومی ادارہ امراضِ قلب کے تحت نوابشاہ میں سیٹلائٹ سینٹر کا افتتاح کل ہوگا
Apr 12, 2018