سی پیک کا ریکارڈ نکال رہا ہوں‘ دیکھوں گا بلوچستا ن کے عوام کو کیا ملا: عبدالقدوس بزنجو

Apr 12, 2018

اسلام آباد(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے ن لیگ کا رویہ افسوس ناک رہا،سعد رفیق کی وجہ سے آج (ن) لیگ بلوچستان میں مشکلات سے دوچار ہے ، نواز شریف کو انہیں میڈل دینا چاہیے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں میر حلقے کے لوگوں کو الیکشن سے روکا گیا، دہشتگردوں کی جانب سے انہیں کفن بھیجے گئے،آج لوگ پانچ سو ووٹ کا طعنہ دیتے ہیں،مجھے بندوق کے سائے میں 500قیمتی ووٹ دینے والوں کی فکر ہے طعنہ دینے والوں کی نہیں، طعنہ دینے والے ایک دن بھی وہاں گزارے تو میں مانوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات میں بلوچستان میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں نے پیسے دیکر ووٹ خریدیں،یہ بتایا جائے کہ جب نیشنل پارٹی کا ایک بھی ایم پی اے نہیں تھاتو حاصل بزنجوکس طرح سینیٹر منتخب ہوئے، نواز شریف کو ووٹ دے تو ٹھیک سنجرانی کو ووٹ دیں تو جمہوریت کو تقدس کیسے پامال ہوجاتا ہے؟انہوں نے کہا کہ سی پیک پر پانچ ہزار ارب خرچ ہورہے ہیں لیکن بلوچستا ن میں اس کا ایک فیصد بھی خرچ نہیں کیا جارہا، میں سی پیک کا ریکارڈ نکال رہاہوںجس میں چیک کروں گاکہ بلوچستان کے نام پر بننے والے اس عظیم الشان منصوبے سے میرے صوبے کے لوگوں کو کیا ملا۔میں سی پیک یا پنجاب میں ترقی کا ہر گز مخالف نہیں ہولیکن صرف یہ چاہتا ہوں کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق دیئے جائیں ۔بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے نیو ل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے گوادر بندرگاہ اور اس کے بحری راستوںکی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی طرف سے کئے گئے مؤثر اقدامات سے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا ۔نیول چیف نے مکران کے ساحل پر مقیم بلوچ آبادی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے ضمن میں کی جانے والی پاک بحریہ کی کاوشوں پر بھی روشنی ڈالی۔

مزیدخبریں