ایپکاکا لاہور سمیت پنجاب بھر میں احتجاج، مال روڈ پرلاٹھی چارج درجنوں کلرک گرفتار، حکومت کے خلاف نعرے اور ماتم، چیف جسٹس پاکستان اور لاہور ہائی کورٹ سے فوری نوٹس لینے کی اپیل
پنجاب بھر میں آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے احتجاجی پروگرام کے تحت مظاہرے کئے ۔ لاہور میں ایپکا کے سینکڑوں مظاہرین نے مال روڈ پہنچ کر دھرنا دیا نعرے بازی کی اور سڑک بلاک کر دی۔ جس پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی۔ پولیس نے لاٹھی چارج کر کے مظاہرین کو منتشر کیا اور درجنوں کلرک گرفتار کر لئے۔ مطالبات منوانے کیلئے احتجاج کا حق سب کو ہے مگر یہ مصروف سڑکوں کو جام کر دینا اوردھرنا دینا شہریوں کے ساتھ زیادتی ہے۔ مطالبات منظور کرنا حکومت کا کام ہے، شہریوں کا نہیں۔ اس کا بہترین ذریعہ باہمی پرامن مذاکرات ہیں۔ دھرنوں جلسوں سے صرف اشتعال پیدا ہوتا ہے۔ مال روڈ پر تاجر ہی نہیں عوام بھی آئے روز کے دھرنوں کی وجہ سے تنگ ہیں۔
عدالت اور حکومت مال روڈ پر ہر قسم کے جلسے جلوس اور دھرنوں پر پابندی لگا چکی ہے مگر اس پر عمل نہیں ہو رہا۔ بہتر یہی ہے کہ حکومت ایپکا والوں سے مذاکرات کرکے انکے مسائل کا حل نکالے اور ساتھ ہی مال روڈ پر‘ جسے ریڈ زون قرار دیا جا چکا ہے‘ وہاں ہر قسم کے احتجاج جلسے اورجلوس پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرائے تاکہ وہاں کے تاجروں، کاروباری حضرات اورسفرکرنیوالے شہریوں کو سکون کا سانس نصیب ہو۔