خیبر پی کے سکولوں میں طلبہ پر جسمانی سزا کی روک تھام کا قانون منظور

Apr 12, 2018

پشاور(آئی این پی ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس نے نجی و سرکاری سکولوں میں بچوں پر جسمانی سزا کی روک تھام کیلئے قانون کی منظوری دیدی۔ اساتذہ کی استعدادکار بڑھانے کیلئے معاہدے کے مسودے کی منظوری، ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز میں ترمیم کی مشروط منظوری سمیت متعدد فیصلوں کی منظوری دیدی گئی۔ خیبر پی کے کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز میں ترمیم کی مشروط منظوری دی گئی، جس کے تحت صوبائی حکومت فنڈز کو دیگر ترجیحی سیکٹرز اور مقاصد کے لیے استعمال کرسکے گی، اجلاس میں بینک آف خیبر کے مستقل ایم ڈی کی تعیناتی قانون کے دائرہ اختیار میں طریقہ کار، ضلع چارسدہ کے ترقیاتی فنڈز، موٹر وہیکلز رولز1969میں ترمیم کی منظوری دی گئی، کابینہ کے اجلاس میںصوبے کے سکولوں میں بچوں پر جسمانی سزا کی روک تھام کے لیے قانون کی منظوری دی گئی ایکٹ کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں پر ہو گا،خلاف ورزی پر چھ ماہ قید یا پچاس ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں لاگو ہونگے، کابینہ اجلاس میں صوبے بھر کے اساتذہ کی استعدادکار بڑھانے کے لیے معاہدے کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی، معاہدے کے تحت صوبے بھر سے تراسی ہزار اساتذہ کو تربیت دی جائے گی۔

مزیدخبریں