بانی متحدہ کیخلاف منی لانڈرنگ کیسز پاکستان نے تحقیقات کیلئے برطانوی وکیل کی خدمات لے لیں

اسلام آباد/لندن(این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ کیسز کی دوبارہ تحقیقات کے سلسلے میں پاکستان نے برطانیہ کے اہم وکیل ٹوبی کیڈمین کی خدمات حاصل کرلیں۔برطانوی تحقیقاتی ایجنسی اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اکتوبر 2016 میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف کیس کی تحقیقات ختم کردی تھیں۔ ٹوبی کیڈمین کو اسکاٹ لینڈ یارڈ اور یوکے کران پراسیکیوشن سروس کے لیے متحدہ کے بانی کے خلاف منی لانڈرنگ سے متعلق تازہ شواہد جمع کرنے کے حوالے سے اہم خیال کیا جارہا ہے۔وزارت داخلہ سے منسلک ایک سینئر افسر نے منگل کو نجی ٹی وی کو تصدیق کی کہ انہوں نے الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے لیے ٹوبی کیڈمین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ٹوبی کیڈمین ایم کیو ایم سے متعلق 3 کیسز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جن میں منی لانڈرنگ، منافرت پر مبنی تقاریر اور عمران فاروق کا قتل شامل ہے۔ مذکورہ افسر نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے انویسٹی گیشن ٹیم بھی پاکستان میں ان کیسز کی تحقیقات کررہی ہے۔ ٹوبی کیڈمین انٹرنیشنل لا اسپیشلسٹ ہیں، جو اس سے قبل سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے کیس کا دفاع بھی کر چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن