واشنگٹن (این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اہل کار نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفارت کاروں کے سفر پر کوئی پابندی عائد نہیں ہے۔محکمہ خارجہ کے اہلکار نے یہ بات امریکی ٹی وی سے بات میں کہی۔اہلکار سے پاکستانی اور بھارتی ذرائع ابلاغ پر آنے والی اس خبر کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ کیا یہ بات درست ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستانی حکام کو مطلع کیا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانوں میں تعینات سفارت کار اجازت کے بغیر 40 کلومیٹر سے دور سفر نہیں کر سکیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے اخباری بریفنگ کو بتایا کہ اس عنوان پر اْن کے پاس بتانے کے لیے کوئی اطلاع نہیں ہے۔ جاننے کی کوشش کرنے پر وائٹ ہاؤس نے ایسی کسی پالیسی کی تبدیلی کے بارے میں کوئی جواب نہیں دیا۔