ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں تب ہی ملک ترقی کی راہ پر چلتا ہے ملکی استحکام کے لئے ذاتی نہیں بلکہ قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے‘ کاش کہ جو آج صوبے کی آواز اٹھا رہے ہیں یہی آواز اقتدار میں آتے ہی اٹھاتے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کا احترام ہم سب پر فرض ہے ادارے استحکام کی علامت ہوتے ہیں مگر وہ اپنی حدود تک محدود رہیں تو اچھائی اسی میں ہوتی ہے ملک میں قومی مفاد کی بجائے ہم نے ذاتیات کو مقدم سمجھا اسی وجہ سے ترقی نہ کر سکے اگر ہم نے ملکی مفادات کو مقدم رکھا ہوتا تو ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوتا۔ ترقی کے لئے ذاتیات نہیں ملک کو مقدم رکھنا ہو گا۔جاوید ہاشمی کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ آج صوبے کیلئے بول رہے ہیں انہیں یہ آواز قبل از وقت اٹھانی چاہئے تھی تاکہ اب تک کچھ راہ ہموار ہو چکی ہوتی۔