اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کے روز کور کمانڈرز کی دو سو دسویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن فاٹا کو عوامی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں شامل کرنے کے ساتھ منسلک ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا اجلاس نے بدلتے ہوئے خطہ میں سلامتی کے بدلتے ہوئے ماحول اور ملک میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انٹیلی جنس بنیادوں پر جاری آپریشن ’ردالفساد‘ اور خوشحال بلوچستان پروگرام جیسے موضوعات بھی زیر غور آئے۔ شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص عوام کے ہمت و حوصلے اور قربانیوں کی شاندار الفاظ میں تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کی کامیابیوں کو دیرپا بنانے کے لیے آپریشنز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ دہشت گردوں سے خالی کرائے گئے علاقوں کو سول انتظامیہ کے سپرد کرتے وقت اس بات کا خیال رکھا جائے کہ استحکام اور ترقیاتی کوششوں کے نتیجے میں امن کے فوائد ہر صورت عوام تک پہنچیں۔ اجلاس نے ریاست کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ملک کو امن، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق اجلاس میں شرکاء کی طرف سے کہا گیا کہ قومی ادارے ملک کو امن، ترقی اور استحکام کی مثبت سمت میں لے جا رہے ہیں، فوج اس کیلئے تعاون جاری رکھے گی۔
امن فاٹا کو قومی دھارے میں لانے سے منسلک ، خوشحالی کیلئے اداروں کی پیشرفت مثبت، ساتھ دینگے: آرمی چیف
Apr 12, 2018