لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ اور ڈیموکریٹک الائنس نے اعلان کیا ہے پاکستانی سوچ رکھنے والے ایک نشان اور ایک پلیٹ فارم پر الیکشن لڑیں گے۔ ق لیگ اور ڈیموکریٹک الائنس کی قیادت نے یہ اعلان ملاقات کے بعد دیگر رہنمائوں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام محب وطن جماعتوں اور شخصیات کو اس الائنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں، دہشت گردی کسی جماعت نے ختم نہیں کی بلکہ یہ پاک فوج کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے، عدلیہ کا احترام ضروری ہے، آج تاریخی دن ہے، اب چاروں صوبوں میں اتحاد نظر آئے گا۔ قبل ازیں پیر صاحب پگاڑا پیر صدرالدین راشدی، اکرم درانی، طارق حسن اور دیگر رہنمائوں کے ہمراہ چودھری صاحبان کی رہائش گاہ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری وجاہت حسین، طارق بشیر چیمہ، کامل علی آغا، مونس الٰہی، حافظ عمار یاسر، میاں منیر، ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں پیر صاحب پگاڑا نے کہا کہ چودھری برادران سے ملنے یہاں آیا ہوں، ہم سب مل کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہونے کیلئے آئے ہیں، 2013ء کی نگران حکومت نے الیکشن خراب کیا جس پر سب سے پہلے ہم نے احتجاج کیا، اگر ایسے ہی لوگ دوبارہ آ گئے تو پھر 2018ء کا الیکشن بھی صاف شفاف نہیں ہو گا، تب ان کا فیصلہ تھا کہ پنجاب میں نوازشریف، شہباز شریف لاہور اور زرداری سندھ کی حد تک رہیں، سندھ میں ہماری 17 سیٹیں پیپلزپارٹی کو دی گئیں، اب ملک ایسے حالات کا متحمل نہیں ہو سکتا، مجھے قیادت کا کوئی شوق نہیں، سب جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے چودھری صاحب سے کہوں گا کہ وہ کام شروع کریں، ملک کی بھلائی کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں، فوج ملکی سلامتی اور یکجہتی کی ضامن ہے، سیاستدان تو مجرموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔ سندھ کے الائنس کو لے کر آیا ہوں، چودھری صاحبان تمام پارٹیوں سے رابطہ کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ہمارے اور پیر صاحب کے خاندان کے پرانے تعلقات ہیں، بڑے پیر صاحب کا ذکر میں نے اپنی کتاب میں بھی کیا ہے، چودھری ظہور الٰہی کی گرفتاری کے دوران ہم ان سے روزانہ رہنمائی لیتے تھے، ان کی دلیری کے واقعات بھی بیان کیے ہیں۔
شجاعت اور پیر پگاڑا کا ایک نشان ، پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا اعلان
Apr 12, 2018