خیبرپی کے کو پنجاب جیسا بنادینگے ، عمران نے منفی 10میگاواٹ بجلی پیدا کی جو چاند پر جارہی ہے : شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) شہبازشریف نے کہاہے کہ دن رات جھوٹ بولنے والا اور الزام تراشی کی سیاست کرنے والا لیڈرکبھی پاکستان کی خدمت نہیں کرسکتا او رایسا لیڈر مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بھی بات نہیں کرسکتا-تحریک انصاف اور اس کے لیڈر عمران نیازی کی سیاست جھوٹ ،الزام تراشی ، انتشار ، دھرنے ، لاک ڈائون اور سول نا فرمانی کے گرد گھومتی ہے۔دن رات جھوٹ بولا ، الزام تراشی کی جبکہ ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے۔عمران نیازی کی بڑھکیں پشاور کے قصہ خوانی بازار کی طرح ایک قصہ بن چکی ہیں-الیکشن قریب ہے اور2018ء کے انتخابات میں عوام نے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کرنا ہے کہ کس نے عوام کی خدمت کی اورکس نے عوام کے ترقیاتی منصوبوں اورفلاحی پروگراموں میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔اگر2018ء کے انتخابات میں عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے جان لڑادیںگے اورپشاور کو لاہور اور کے پی کے پنجاب کی طرح ترقی دینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پشاور میں ورکرزکنونشن سے خطاب میں کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کا صدر منتخب ہونے کے بعد پنجاب سے باہر یہ میرا پہلا دورہ ہے اورمجھے فخر ہے کہ میں سب سے پہلے پشاور آیا ہوں ۔انجینئر امیر مقام نے کہاکہ شہبازشریف پشاور آپ کا دوسراگھر ہے ۔میں کہتا ہوں کہ نہیں پشاور میرا پہلا گھر ہے۔جس طرح پنجاب اورلاہور میرا گھر ہے اسی طرح پشاور اور کے پی کے میرا پہلا گھر ہے ۔ مسلم لیگ(ن) کی صدارت میرے لئے بڑا چیلنج ہے،نوازشریف جو کل بھی ہمارے قائد تھے ،آج بھی ہیں اور کل بھی ہمارے قائد رہیںگے۔نوازشریف وہی لیڈر ہیں جس نے امریکہ کی جانب سے پانچ ار ب ڈالر کی پیشکش کو شکریے کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا۔پاک افواج اورسکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں سے دہشت گردی میں بڑی حد تک کمی آچکی ہے اوروہ وقت قریب ہے جب ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ ایک لمحے کے لئے اپنی آنکھیں بند کر کے تصور کیا کہ میں ایک ایسے صوبے میں جارہا ہوں جہاںپی ٹی آئی کے لیڈر نے نیا پاکستان اورتبدیلی کے دعوے کیے تھے۔ میں سوچ رہا تھا کہ ہر طرف ہریالی ہوگی،پشاور جو پھولوں کا شہر تھا وہاں ہر طرف پھول ہوںگے ،میٹروبس چل رہی ہوگی ،کالجوں اورسکولوں کے بچوں کو لیپ ٹاپ مل چکے ہوںگے،پنجاب کی طرح وہاں بھی تعلیمی فنڈ قائم ہوچکا ہوگا جس سے بے وسیلہ بچوں کو تعلیم کیلئے وظائف مل رہے ہوںگے۔میں سمجھا تھا کہ شاید لاہور کی طرح پشاور میں بھی ایئر کنڈیشنڈ بسیں چل رہی ہوں گی اورکے پی کے غیور عوام ان میں سفر کررہے ہوںگے۔میں یہ بھی سوچ رہا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ وہ کے پی کے نہیں بلکہ پورے پاکستان میں بجلی مہیا کریں گے اوربجلی دیگر ممالک کو فروخت بھی کریں گے لیکن جب میرا جہاز پشاور میں اترا تو مجھے ایسا کچھ نظر نہ آیا بلکہ ہر طرف کھڈے نظر آئے ،وہی نیازی صاحب جنہوں نے ساڑھے چار سال قبل کہا تھا کہ لاہو ر میں میٹروکا منصوبہ کمیشن بنانے کیلئے لگایاگیا ہے اوراس پر70ارب روپے خرچ ہونے کا الزام بھی لگایا اس نے اسے جنگلہ بس کہا۔ساڑھے چار سال گزرنے کے بعد نیازی صاحب نیند سے بیدار ہوئے تو انہیں پشاور میں میٹروبس لگانے کا خیال آیا تو اس کی حکومت نے اس منصوبے کے نام پر پشاورشہر کو اکھاڑ کر رکھ دیااورلوگوں کے لئے مسائل کھڑے کیے۔پتہ نہیں عمران کے بجلی منصوبے کی بجلی چاند پر جارہی ہے ،مریخ پر یا کسی اورسیارے پر لیکن زمین پر تو اس بجلی کاوجود نہیں ۔نیازی صاحب کی حکومت نے ایک کلو واٹ بجلی پیدا نہیں کی یہ کہیں تو ٹھیک ہوگا کہ انہوںنے منفی دس میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ۔ نیازی صاحب دن رات جھوٹ بولتے ہیں ۔انہوںنے اپنے صوبے میں بڑا ہسپتال اورکوئی بڑاتعلیمی ادارہ نہیں بنایا۔جو لیڈر جھوٹ بولے وہ عوام کی قیادت کا حق نہیں رکھتا۔خان صاحب نے لاہور کی میٹروبس کو جنگلہ بس کہا اور اس پر 70 ارب روپے خرچ ہونے کا الزام لگایاجبکہ میں کئی بار وضاحت کر چکا ہو ںکہ اس منصوبے پر 30 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں - عمران نیازی نے یہ بھی الزام لگایا کہ اس منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا سریااستعمال ہوا ہے - حالانکہ اتفاق فاؤنڈری کو بند ہوئے پندرہ سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے - میں نے اس منصوبے کی شفافیت کے لئے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سے اس کا حساب کرایا ہے - نیازی صاحب جھوٹ بولتے ہیں ، الزامات لگاتے ہیں لیکن عدالتوں میں پیش ہوتے ہیں اور نہ ہی ثبوت دیتے ہیں -سنا ہے کہ پشاور کا میٹرومنصوبہ 71 ارب روپے میں لگ رہا ہے - پنجاب میں لاہور کا میٹرومنصوبہ 30 ارب روپے میں مکمل ہوا ہے تو خان صاحب بتائیں کہ باقی 40 ارب روپے کس کھاتے میں ہیں - انہوںنے کہا کہ پشاور میٹروبس کا منصوبہ ابھی 30 فیصد مکمل ہوا ہے اگر 2018 ء کے الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ( ن) کو موقع دیا تو وعدہ کرتا ہوں کہ خود کھڑا ہو کر اس منصوبے کو پانچ ماہ میں مکمل کراؤں گا۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے خیر سگالی کے جذبے کے تحت مشکل کی گھڑی میں کے پی کے کے عوام کی مدد کی ، اس کے بدلے میں عمران نیازی نے گالی دی اور الزام لگائے ۔ ہمارا راستہ گالی نہیں ، خوشحالی ہے۔انہوںنے الزامات لگائے اور ہم نے وعدے پورے کئے۔ دن رات محنت کی اور عوام کی خدمت کی اور خدمت کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ سب سے بڑا فراڈ ہے ۔ کے پی کے حکومت نے احتساب کا ادارہ بنایا اور ایک ریٹائرڈ جنرل کو اس کا چیئرمین لگایا لیکن وہ اس لئے استعفیٰ دیئے گئے کہ جب بھی کرپشن کا کیس آتا تو آئیں بائیں شائیں ہونے لگتا۔ اگر نیازی صاحب کے پی کے میں یونیورسٹیاں اور ہسپتال بنا دیتے تو یہ کوئی احسان نہیں بلکہ آپ کا حق تھا۔ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ بھی لگنا چاہیے تھا۔ انہوںنے کہا کہ لاہور میں ڈینگی آیا تو ہمیں ڈینگی برادران کا طعنہ دیا گیا - نیازی صاحب عوام کو مشکلات میں چھوڑ کر پہاڑوں پر چڑھ گئے۔ انہوںنے دھرنوں ، لاک ڈاؤنوں اور انتشار کی سیاست کی اور قومی معیشت کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہمیں دوبارہ موقع ملا تو آپ کو آپ کا حق دیں گے۔ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے ایم این اے سراج خان نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے قوم کا وقت برباد کیا ہے اور میں ناچ گانا کرنے والوں کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ انشاء اللہ شہباز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے ‘ عوام ان کے ساتھ ہیں۔شہبازشریف سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور کی رہائش گاہ گئے اور محمد شہبازشریف اور غلام احمد بلور کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میرے دل کے بہت قریب ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی میرا مشن ہے۔ میں اس مشن کا بیڑا 2010ء کے بدترین سیلاب کے دوران اٹھایا تھا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...