چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے قومی ہاکی تیم کا تربیتی کیمپ بیرون ملک لگانے کا فیصلہ

Apr 12, 2018

لاہور (حافظ محمد عمران+نمائندہ سپورٹس) کامن ویلتھ گیمز میں قومی ہاکی ٹیم کی نسبتاً بہتر کارکردگی کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے جون میں کھیلی جانے والی چمپئنز ٹرافی کے لئے تربیتی کیمپ بیرون ملک لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق 24 جون سے ہالینڈ میں کھیلی جانے والی چمپئنز ٹرافی کے لئے 20 روزہ تربیتی کیمپ بھی ہالینڈ میں ہی لگایا جائے گا۔ اس دوران غیر ملکی پنالٹی کارنر سپیشلسٹ کوچ، گول کیپنگ کوچ، فزیکل ٹرینر اور فزیوتھراپسٹ کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رولینٹ آلٹیمنز کی موجودگی سے فائدہ اٹھانے اور کھلاڑیوں کو ہالینڈ کے موسم اور حالات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تربیتی کیمپ بیرون ملک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 20 روزہ تربیتی کیمپ پر لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں قومی ٹیم کی بہتر کارکردگی کے بعد پی ، ایچ ، ایف انتظامیہ کو امید ہوئی ہے کہ بہتر سہولیات اور ماحول سے اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اس امید پر چمپئنز ٹرافی کے تربیتی کیمپ پر لاکھوں روپے کے اضافی اخراجات برداشت کیے جائیں گے ۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں ویلز، بھارت ، انگلینڈ اور ملائیشیا کے خلاف میچ برابر کھیلے ہیں ۔ کامن ویلتھ گیمز سے پہلے ہاکی فیڈریشن نے غیر ملکی کوچ رولینٹ آلٹیمنز کی خدمات حاصل کی تھیں ۔یہ دوسرا موقع ہے کہ رولینٹ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں ۔ چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز 24 جون جبکہ ایونٹ کا فائنل یکم جولائی کو کھیلا جا ئے گا۔ ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن ، آسٹریلیا ، بیلجئم ، بھارت، ہالینڈ اور پاکستان کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ پاکستان نے آخری مرتبہ شہباز سینئر کی قیادت میں 1994 ء میں چمپئنزٹرافی جیتی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چمپئنزٹرافی کے افتتاح پر رولینٹ آلٹیمنز کی رپورٹ کی روشنی میں مزید غیر ملکی سپورٹ سٹاف میں شامل کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں