کامن ویلتھ گیمز ریسلنگ ایونٹ:پاکستان کے محمد بلال نے انگلینڈ کے جارج رام کو شکست دیکرکانسی کاتمغہ اپنے نام کرلیا

گولڈ کوسٹ/ آسٹریلیا( چودھری اشرف) 21 ویں کامن ویلتھ گیمز کے آٹھویں روز پاکستان کے میڈلز میں ایک برانز میڈل کا اور اضافہ ہو گیا۔ میگا ایونٹ کے ریسلنگ ایونٹ میں پاکستان کے محمد بلال نے 57 کلوگرام کلاس کے برانز میڈل مقابلے میں انگلینڈ کے جارج رام کو شکست دیکر اپنا نام میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں لکھوا لیا۔ محمد بلال نے پری کوارٹر فائنل میں مالٹا کے گرے کو 12-2 اورکوارٹرفائنل میں سری لنکا کے چارلس فرنینڈو کو12-2 سے شکست دی سیمی فائنل میں بھارت کے راہول آویر نے محمدبلال کو 12-8 سے ہرا دیا جبکہ برونز میڈل کیلئے ہونے والے میچ میں محمدبلال نے انگلینڈ کے جورج رام کو 6-1 سے شکست دیکر کانسی کاتمغہ اپنے نام کرلیا۔ جمعرات کو ہونے والے 74 کلو گرام کلاس میں پاکستان کے اسد بٹ نے سکاٹ لینڈ کے گلیڈکوو کے خلاف 10-3 سے کامیابی حاصل کی تاہم اگلی دونوں فائیٹ میں اسد بٹ کامیاب نہ ہو پائے اور بھارت کے ششیل کمار اور کینیڈا کے جیون بیلفور سے ہار گئے۔ جمعہ 13 اپریل کو 65 کلوگرام کلاس میں پاکستان کے عبدالوہاب کا مقابلہ مالٹا کے پہلوان سے جبکہ 97 کلو گرام کلاس میں عمیراحمد کے مد مقابل انگلینڈ اور کینیڈا کی فائٹ کے فاتح ریسلر سے ہوگا۔ جمعرات کو کھیلے جانے والے دیگر مقابلوں میں سکواش کے مینز ڈبلز میں پاکستان کے فرحان اور طیب نے برٹش ورجن آئی لینڈ کے چپمین جوئی اور سورنٹینو کو 2-0 سے شکست دی جبکہ مکس ڈبلز میں آسڑیلیا کے ریان اور گرنہم نے طیب اسلم اور مدینہ ظفر کو سٹریٹ سیٹ میں اور مکس ڈبلز کے ایک اور مقابلے میں ویلز کے ایونس ٹیسنی اور پیٹر نے فائزہ ظفر اور فرحان کو 2-0 کو مات دی۔ مینز ڈبلز میں نیوزی لینڈ کے کول پاؤل اورگریسن نے فرحان اور طیب کو 2-0 سے مات دیدی۔ بیڈمنٹن ایونٹ میں پاکستان کے ماحور شہزاد ویمنز سنگلز میں کینیڈا کی رچیل ہونڈریچ کے ہاتھوں شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے آوٹ ہو گئیں۔

ای پیپر دی نیشن