جنوبی پنجاب والوں کو صوبہ ملنا حق ہے،نوازشریف کو سزا ہوجاتی ہے تب بھی مسلم لیگ کی حکومت دیکھ رہا ہوں:پیرپگارا

فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا   نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب والوں کو صوبہ ملنا حق ہے،  سندھ کی طرح پنجاب میں بھی سیاسی اتحاد بنانا چاہتے ہیں۔ بلخ شیرمزاری سے ملاقات کے بعد  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  پیر پگارا کا کہنا تھا کہ  جنوبی پنجاب والوں کوصوبہ ملنا حق ہے  جنوبی پنجاب صوبے کے مطالبے پر یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں ۔  اگر  جنوبی پنجاب صوبہ بن جائے تو بہاولپور کو صوبے کا ہیڈکوارٹر بنا دیا جائے۔ ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ پچھلے چار سال سے نوازشریف سے فون پر بھی رابطہ نہیں ہوا۔ نوازشریف کا فون آیا تھا لیکن گھر پر نہیں تھا، اگر شہبازشریف چائے پینے کراچی آئیں گے تو انکار نہیں کروں گا۔ نواز شریف کی کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے کیا فیصلہ آتا ہے مجھے نہیں پتا، اگرنوازشریف کو سزا ہوجاتی ہے تو تب بھی مسلم لیگ کی حکومت دیکھ رہا ہوں۔ اس موقع پر خسرو بختیار نے کہا کہ پیرپگارا کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے وفاق کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ کردارادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ جنوبی پنجاب کا نعرہ اپنی محرومیوں کو ختم کرنے کے لیے لگایا ہے۔ اس ملاقات میں طاہر بشیر چیمہ، سمیع اللہ چوہدری، سردار نصراللہ دریشک، باسط بخاری اور رانا قاسم نون بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن