نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ، بی بی سی) بھارت میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے 20 ریاستوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ اس موقع پر پرتشدد واقعات اور دھماکے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ کچھ مقامات سے دھماکہ خیز ڈیوائسز بھی برآمد کی گئیں۔ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس اور مہاگٹھ بندھن میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ پہلے مرحلے میں 91 نشستوں کیلئے آندھرا پردیش، آسام، بہار، جموں کشمیر اڑیسہ اور اتر پردیش سمیت بیس ریاستوں میں ووٹنگ ہوئی۔ انتخابی جائزوں کے مطابق الیکشن میں مودی کی جماعت کو برتری ملنے کا امکان ہے۔ نوے کروڑ ووٹرز کے لیے 10 لاکھ پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ لوک سبھا کے 543 نشستوں میں کسی بھی جماعت کو حکومت بنانے کے لیے کم از کم 272 نشستیں درکار ہوں گی۔ سات مراحل میں ہونے والی پولنگ کے بعد نتائج کا اعلان 23 مئی کو ہو گا۔ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ریاست اندھرا پردیش میں تڈی پتری میں ٹی ڈی پی اور وائی ایس آر سی پی کے درمیان پولیس سٹیشن کے باہر تصادم میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔ اسی طرح ریاست کے دوران مختلف حصوں میں بھی پرتشدد واقعات رونما ہوئے، جس میں ضلع گنٹر میں وائی ایس آر سی پی کے کارکنوں کی جانب سے مبینہ طور پر اسمبلی سپیکر کوڈیلا سواپراسادا رائو پر حملہ کیا۔ ادھر بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مہاراشٹر میں ضلع گڈ چھرولی میں ایتاپلی کے پولنگ اسٹیشن کے قریب دیسی ساختہ بم سے دھماکا کیا گیا، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب ریاست آسام کے ضلع ڈبرو گڑھ میں بھی دیسی ساختہ ڈیوائس برآمد کی گئی۔ دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر نے بتایا کہ ڈبرو گڑھ کے علاقے دولیا جن میں ٹی گارڈن سے گزرنے والی تیل پائپ لائن سے دیسی ساختہ بم برآمد کیا گیا ۔مجموعی طور پر 89 کروڑ 89 لاکھ ووٹرز میں سے انتخابات کے پہلے مرحلے میں 14 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔جن ریاستوں میں آج انتخابات ہوئے ان میں اترپردیش، آروناچھل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، بھارت کے زیر تسلط جموں کشمیر، مہاراشٹرا، مزورام، مانی پور، میگھالیہ، ناگالینڈ، اوڈیشا، سکم، تیلانگانا، تری پورا، اتر پردیش، اتر کھنڈ، مغربی بنگال، اندمن، نکوبر اور لکشادیپ شامل ہیں۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں ووٹر ٹرن آؤٹ 50.26 ، تلنگانہ میں 60.57، میگھالیہ میں 62 ،اترپردیش میں 59.77 ، منی پور میں 78.20اور لکشادیپ میں 65.9 فیصد رہا۔دوسری جانب انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے میں بھارتی ریاست اڑیسہ کے 2 پولنگ بوتھ میں ووٹر ٹرن آؤٹ صفر رہا۔ملکہ نگری کے علاقے میں تیمورو پالی گاؤں میں بوتھ نمبر 6 اور 8 پر ووٹر ٹرن آؤٹ صفر رہا۔پولنگ کے دوران بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ووٹرز کی انگلیوں پر لگائی جانے والی سیاہی مٹنے کی شکایات بھی کی گئیں ۔ دوسرے مرحلے میں اپریل کو 13 ریاستوں میں ووٹنگ ہوگی۔ انڈین میڈیا کے مطابق ضلع اننت پور کے علاقے گوٹی کے ایک پولنگ بوتھ پر جین سینا پارٹی کے امیدوار مادھو سدھن گپتا نے غصے میں آ کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو زمین پر دے مارا۔ان کا کہنا تھا ’یہ مکمل طور پر جعلی اور غلط ہے‘ تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔
انتخابات کا پہلا مرحلہ: بھارت کی 20 ریاستوں میں ووٹ ڈالے گئے، پر تشدد واقعات، دھماکے، 2 افراد ہلاک متعدد زخمی
Apr 12, 2019