لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سپورٹس بورڈ پنجاب کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت ڈویژن کی سطح پر سپورٹس مقابلوںکے دوسرے مرحلہ کے لئے لاہور ڈویژن کی کرکٹ، باکسنگ اور کبڈی کی ٹیموں کے انتخاب کے لئے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 12 اپریل کو ہوں گے، گیمز میں 16سال عمر تک کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔ ڈویژن کی سطح پر سپورٹس مقابلوںکا دوسرا مرحلہ 14اپریل سے شروع ہوگا اور 3مئی تک جاری رہے گا۔، باکسنگ کے ٹرائلز پنجاب کالج آف کامرس فیروز پور روڈ، کرکٹ (بوائز) کے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور بوائز ہائی سکول راوی روڈ اور کبڈی کے پنجاب سٹیڈیم نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے جبکہ کرکٹ (گرلز) کے ٹرائلز 13اپریل کو لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی جیل روڈ پر لئے جائیں گے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں سامنے لانے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کررہا ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، نوجوانوں کو ایک کے بعد ایک موقع دیا جا رہا ہے نوجوان اپنے چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لے کر آئیں۔