علیم خان کے ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع، آئندہ سماعت پر حتمی رپورٹ دی جائے: احتساب عدالت

لاہور (آئی این پی+ آن لائن) لاہور کی احتساب عدالت نے بیرون ملک آف شور کمپنیاں بنانے اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما علیم خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے سید نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی۔ جیل حکام نے تحریک انصاف کے گرفتار رہنما علیم خان کو عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ تحقیقات کب تک مکمل ہوں گی۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ کچھ ریکارڈ اکٹھا کرنا باقی ہے جلد ہی انویسٹی گیشن مکمل کر لیں گے۔ علیم خان کی جانب سے کچھ ریکارڈ فراہم نہیں کیا جا رہا۔ احتساب عدالت کے جج نے علیم خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ نیب تفتیشی کہتے ہیں کہ علیم خان نے ریکارڈ چھپا رکھا ہے، جس پر علیم خان کے وکیل نے نیب تفتیشی کے الزام کو رد کرتے ہوئے بتایا کہ علیم خان تو جیل میں ہیں ریکارڈ کیسے چھپا سکتے ہیں۔ انہوں نے تمام ریکارڈ نیب کو دے دیا ہے۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر علیم خان کے خلاف حتمی رپورٹ جمع کرانیکی ہدایت کرتے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اپریل تک توسیع کر دی۔ کیس کی سماعت کے موقع پراحتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جبکہ پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے عدالت کے اطراف کے تمام راستے بند کر دئیے تھے۔

ای پیپر دی نیشن