پاکستان دشمن کو دندان شکن جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے

Apr 12, 2019

اداریہ

بھارت کا جھوٹ ٹھوس ثبوتوں کیساتھ دنیا پر بے نقاب‘ آرمی چیف کا قوم اور فوج کے یکجان ہونے کا پیغام
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ برس شہید ہونے والے مسلح افواج کے آفیسرز اور جوانوں کے ورثا اور غازیوں کو اعزازت عطا کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی بغیر قیمت کے حاصل نہیں ہوتی۔ اپنے شہدا کو بھلانے والی قومیں مٹ جاتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب کے دوران 35 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری) چھتیس افسران اور جوانوں کو تمغہ بصالت اور سات جوانوں کو اقوام متحدہ میڈل سے نوازا گیا۔ شہداء کے تمغے انکے اہلخانہ نے وصول کئے۔ خطاب کے دوران آرمی چیف نے شہداء اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا حیران ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے عفریت پر کیسے قابو پا لیا؟ ’’ غیر ملکی پوچھتے رہے کہ تمام دنیا دہشت گردی کے سامنے سرنگوں ہو چکی ہے، آپ نے پاکستان میں دہشت گردی کی لعنت پر قابو پا لیا؟‘‘ جب قوم ساتھ کھڑی ہو تو ہر مسئلے کا حل نکل آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جذبے سے سرشار قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔ اس ملک میں ایسے باپ موجود ہیں جو اپنے بیٹے قربان کرنے کیلئے تیار ہیں، ایسی مائیں موجود ہیں جو اپنے 21، 22 سال کے بیٹے ملک پر نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔ میری ایسی بہنیں اور بیٹیاں ہیں جنہوں نے اپنے شوہر اور بھائی ملک پر قربان کئے۔ اس ملک میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اپنی جان پر ملک کو ترجیح دیتے ہیں تو پاکستان کو انشا اللہ کچھ نہیں ہوگا۔
دریں اثناء غیر ملکی سفیروں، ڈیفنس اتاشیوں او ربین الاقوامی صحافیوں کے وفد نے بالا کوٹ کا دورہ کیا‘ دورے میں بھارتی صحافی بھی شامل تھے، آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کو بالا کوٹ حملے سے متعلق جھوٹے بھارتی دعووں اور پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا۔ ٹیم نے اپنی آنکھوں سے جائے وقوعہ کا جائزہ لیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی دعوے اور زمینی حقائق پر وفد کوبتایا کہ مدرسے پر حملے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ بھارت کے ایسے اقدامات سے خطے کا امن خطرے میں ہے۔ وفد نے سوات میں تعلیمی سہولیات، مالاکنڈ میں بحالی مرکز کا بھی دورہ کیا۔ گروپ کو مدرسے کا دورہ کرایا گیا جہاں بھارت نے دہشتگردوں کو مارنے کا دعویٰ کیا تھا وفد نے جائزہ لیا کہ زمینی حقائق بھارتی دعوؤں کے برعکس ہیں۔ گروپ مدرسے کے بچوں اور اساتذہ میں گھل مل گیا اور دیکھا کہ مدرسے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ مدرسے میں صرف معصوم بچے زیر تعلیم ہیں۔ بھارت کو جھوٹا دعویٰ کرنے کی بجائے سچ تسلیم کر لینا چاہئے۔ بھارت کو خطے کیلئے ذمہ دارانہ ریاست کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ بھارت کو دیکھنا چاہئے کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات کیوں خراب ہو رہے ہیں۔ گروپ نے اے پی ایس سوات کا بھی دورہ کیا۔
پاکستان کو شروع دن سے ایک عیار‘ مکار‘ جھوٹے اور سفاک دشمن کا سامنا ہے‘ جوبدقسمتی سے پاکستان کا پڑوسی بھی ہے۔ اس کیلئے پاکستان کا وجود ناقابل برداشت ہے۔ وہ پاکستان کی تباہی و بربادی کے ناپاک منصوبے بناتا اور سازشیں رچاتا رہتا ہے۔ پاکستان کو عالمی سطح پر تنہاء کرنے کیلئے لغو پراپیگنڈہ‘ ارب ہا ڈالر کی لابنگ اور مقامی و عالمی میڈیا کو استعمال کرتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین دشمنی کی بنیادی اور بڑی وجہ کشمیر کا مسئلہ ہے۔ مقبوضہ وادی میں اسکی بربریت اسکے سیکولر چہرے پر بدنما داغ ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے سات لاکھ بھارتی افواج انسانیت سوز قوانین اور ظلم و جبر کا ہر حربہ آزما رہی ہیں۔ کشمیری آج ماضی کے کسی بھی دور کے مقابلے میں آزادی کیلئے زیادہ کمٹڈ نظر آتے ہیں۔ وہ بھارتی فورسز کی بربریت اور ظالمانہ قوانین کو خاطر میں نہیں لا رہے‘ انکے جذبہ آزادی اور عزم و ہمت کے سامنے ریاستی حکومت بے بس ہوگئی۔ بھارت کیلئے یہ ناکامی کا ایک تازیانہ تھا۔ کشمیریوں کی جدوجہد کے سامنے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار اور اسے کشمیر ہاتھوں سے نکلتا دکھائی دینے لگا ہے۔ چنانچہ کشمیر سے اپنی ہی کٹھ پتلی حکومت کا خاتمہ کرکے گورنر راج لاگو کردیا مگر کشمیریوں کا جذبہ حریت ماند نہ پڑ سکا تو گورنر راج کو صدر راج میں بدل دیا لیکن بھارت کے نکتہ نظر سے کوئی بہتری نہ آسکی۔ اسے اب بھی حریت پسندوں کے سامنے ہزیمت کا سامنا ہے۔ بھارت کشمیریوں کی عروج پر پہنچی جدوجہد حریت کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ قرار دیتا ہے۔ اسکی نظر میں اپنی آزادی کی جدوجہد میں جانیں قربان کرنیوالے دہشت گرد اور پاکستان ان دہشت گردوں کا سرپرست ہے۔ بھارت اپنے ان الزامات کو کسی فورم پر بھی ثابت نہیں کرسکا۔ جن الزامات کا کوئی وجود ہی نہ ہو‘ جھوٹ کا پلندہ اور بدنیتی پر مبنی ہوں‘ انہیں دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک کر کس طرح سچ ثابت کیا جا سکتا ہے۔ بھارت چور مچائے شور کے مترادف عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کیلئے مذموم حربے اختیار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا مگر جھوٹ کا ہمیشہ منہ کالا ہوتا ہے اور سچ ہی کو دوام حاصل ہے جس کا پوری دنیا نے مظاہرہ دیکھ لیا۔
بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کے سامنے بے بس ہوا تو اس نے پاکستان کیخلاف جھوٹا پراپیگنڈہ تیز کر دیا‘ اسکے ساتھ ہی لوک سبھا کے الیکشن سر پر آئے‘ مودی کو انتخابی وعدے پورے نہ کرنے پر یقینی شکست نظر آئی تو اس نے ایک تیر سے دو شکار کرنے کی سازش رچائی‘ پلوامہ میں دہشت گردی کا ڈرامہ رچا کر اس کا الزام پاکستان پر لگایا اور جارحیت کی دھمکیوں کا طومار باندھ دیا اور پھر اس پر عمل پیرا بھی ہو گیا۔ رات کے اندھیرے میں پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی‘ پاک فضائیہ نے تعاقب کیا تو اپنے ناپاک منصوبے کو عملی جامہ پہنائے بغیر بھارتی جہاز بھاگ گئے اور بوکھلاہٹ میں جہاں تھے‘ وہیں پے لوڈ پھینک دیا۔ اگلے روز اپنی ادھوری رہ جانے والی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ نے اسکے دو جہاز مار گرائے۔ ان میں سے ایک کے دو پائلٹ بڈ گام مقبوضہ کشمیر میں گرنے والے جہاز کی آگ میں بھسم ہوگئے جبکہ دوسرے جہاز کے پائلٹ ابھی نندن کو پیراشوٹ کے ذریعے جہاز سے محفوظ نکلنے پر حراست میں لے لیا گیا۔ بھارت نے بالاکوٹ میں تربیتی کیمپ پر حملے میں ساڑھے تین سو دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا جس روز پاکستان نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے اسی روز بھارت نے پاکستان کے ایف سولہ گرانے کا بھی دعویٰ کیا تھا مگر یہ دونوں دعوے لغو ثابت ہوئے۔ عالمی ادارے بھارت کے پے درپے بولے جانیوالے جھوٹ کو بے نقاب کررہے ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان کی طرف سے بالاکوٹ کے اس مدرسے کاغیرملکی سفیروں‘ دفاعی اتاشیوں اور صحافیوں کو وزٹ کرایا گیا جسے بھارت دہشت گردوں کا کیمپ قرار دیکر تباہ کرنے کا دعویدار ہے مگر اس مدرسے سے ایک بھی اینٹ نہیں اکھڑی جبکہ اس میں صرف معصوم بچے زیرتعلیم تھے اور اب بھی ہیں۔ جھوٹ کے پائوں نہیں ہوتے۔ بھارت جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہا ہے۔ مودی حکومت عوام کو تسلی دے رہی ہے اور ایک بار پھر ’’گھس کر ماریں گے‘‘ کے اعلان کرکے انتخابی مفادات کے حصول کیلئے کوشاں ہے۔
بھارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔ آخری مرحلے تک بھارت کی طرف سے کوئی بھی مہم جوئی ہو سکتی ہے جسکے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی انٹیلی جنس رپورٹوں کی بناء پر 16 سے 20 اپریل تک بھارت کی طرف سے جارحیت کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ بھارت جب بھی کوئی ایڈونچر کریگا‘ اسے ہماری مشاق افواج کے ہاتھوں اسی طرح منہ توڑ جواب ملے گا‘ جیسا کہ اسکے دو جہاز گرا کر دیا گیا۔ پاک افواج اپنے شکار پر جھپٹنے کیلئے بے قرار ہیں جبکہ قوم اپنی جری افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستان بھارت کی جانب سے کی جانیوالی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ جس ملک کی جذبہ جہاد سے سرشار فوج اور قربانی کے امڈتے جذبات رکھنے والی قوم یک جان اور یک قالب ہو‘ اس کو دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔ یہی پیغام واضح طور پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پوری دنیا بالخصوص بھارت کو دیا ہے۔

مزیدخبریں