سلامتی کونسل کی1267پابندیوں پرعملدرآمدکیلئےرہنمااصول جاری

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے ایک بڑا قدم اٹھا دیا ، سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق قرارداد 1267 پر عملدرآمد کیلئے رہنما اصول جاری کر دیئے  .اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سلامتی کونسل کی پابندیوں سے متعلق قرارداد 1267 پر عملدرآمد کیلئے رہنما اصول جاری کر دیے گئے ۔یہ رہنما اصول اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں قومی کمیٹی نے تیار کیے ہیں۔سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے باضابطہ تقریب میں پالیسی گائیڈ لائنز جاری کیں، جس کے مطابق اقوام متحدہ کی قرار داد 1267کے تحت القاعدہ اور داعش پر پابندیوں سے متعلق تادیبی اقدامات کیے گئے تھے۔اقوام متحدہ کی قرارداد 1988 کے تحت طالبان پر پابندیوں سے متعلق تادیبی اقدامات کیے گئے تھے۔سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کہتی ہیں کہ پاکستان نے عزم، اجتماعی دانش اور مسلسل جدوجہد سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جانی و مالی نقصان کے باوجودپاکستان نے عزم، دانش، مستقل جدوجہد سے دہشت گردی کا پانسہ پلٹ دیا۔سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اجتماعی طرزِ عمل، سیکیورٹی فورسز و دیگر کی جامع حکمت عملی کارگر ثابت ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر 7 کے تحت پابندیوں سے متعلق قرار دادوں کا اطلاق یقینی بنایا گیا۔تہمینہ جنجوعہ نے یہ بھی کہا کہ پالیسی گائیڈ لائنز سے فریقین کو موثر انداز میں اقوام متحدہ کی پابندیوں پر عملدرآمد میں مدد ملے گی۔

ای پیپر دی نیشن