احساس پروگرام: گیارہ لاکھ لوگوں میں 13ارب روپے بانٹے جاچکے: اسد عمر

Apr 12, 2020

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورنا وائرس کے ٹیسٹ کے نظام کو وسیع کرتے ہوئے علامات ظاہر نہ ہونے والے افراد کے ٹیسٹ کے لیے پائلٹ ٹیسٹ پراجیکٹ شروع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے اور ہم ایک لاکھ 20 ہزار خاندانوں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، اور اب تک 11 لاکھ لوگوں کو پیسہ دے دیا گیا اس کے لیے13 ارب روپے بانٹے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بدنظمی کے حوالے سے خدشہ تھا اور اب بھی ہے لیکن زیادہ تر جگہوں میں اچھے طریقے سے انتظام کیا گیا ہے کچھ جگہ مسائل بھی آئے ہیں۔ کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم اے اب تک 17 لاکھ سرجیکل ماسک تقسیم کرچکی ہے اسی طرح این 95 ماسک 75 ہزار تقسیم ہوچکے ہیں جو ہمارے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے ہیں اس لیے دیگر افراد استعمال نہ کریں۔ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تشخیصی کٹس ایک لاکھ ٹیسٹ کا سامنا آگیا ہے جس میں سے 50 ہزار سندھ، 25 ہزار بلوچستان اور اسی طرح مزید کٹس آرہی ہیں جو دیگر علاقوں تک پہنچائی جائیں گی۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ سینٹر کے اندر ایک ٹیم بنائی گئی ہے جو لیبارٹری جہاں ٹیسٹ ہونے ہیں اور صوبوں سے رابطے اور دیگر معاملات پر کام کرے گی۔ اسد عمر کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ 15 اپریل کے فیصلے میں ہم نے صحت کے معاملات کو بھی مدنظر رکھنا ہے اسی طرح ہمارے فیصلوں کے حوالے سے ہماری تیاری اورمعیشت، لوگوں کی آمدنی اور روزگار کے حوالے سے فیصلے کرنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ، صنعتوں اور تجارت کے حوالے سے متعلقہ وزرا اپنی تجاویز تیار کرہے ہیں جس کے مطابق ہمیں فیصلے کرنے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان قرنطینہ، ٹیسٹ اور ٹریکنگ کی حکمت عملی پر کام کررہے ہیں تاہم صحت کا مجموعی نظام ڈاکٹر ظفر مرزا دیکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ 752 مریض مکمل طورپرصحت یاب ہوچکے ہیں، 1 ہزار 411 کنفرم مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں، پچاس کے قریب وینٹی لیٹرزپرہیں، پچھلے چند دنوں میں وینٹی لیٹرزپرمریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، پاکستان میں 72 افراد کی اموات ہوچکی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 41ہزار584ٹیسٹ کرچکے ہیں، چار ہزار 788 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے، پاکستان سے190مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ احتیاطی تدابیرپرعمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو 12 ہزار روپے مثالی پروگرام ہے، سرینا ہوٹل،حبیب بینک نے جذبہ خدمت پروگرام شروع کیا ہے۔

مزیدخبریں