لاہور ( خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم نے ماہ رمضان المبارک کے لحاظ سے اعلامیہ جاری کر دیا۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ حکومت عبادات میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔ تراویح اور نماز پنجگانہ کی ادائیگی میں کسی طرح پابندی قبول نہیں۔ کسی وباء کی وجہ سے اسلام کے چودہ صدیوں سے آنے والے اصولوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ غیر شرعی پابندیوں سے یہود و نصاریٰ خوش ہو رہے ہیں۔ شریعت مصطفی ؐکی خلاف ورزی کسی طرح بھی مسلمانوں کے لیے مفید نہیں ہو سکتی۔ مزارات اولیاء رحمت خداوندی کے گہوارے اور شفاء کے مرکز ہیں۔انہیں زائرین کے لیے بند کرنا بہت بڑی ناانصافی ہے، حکومت فوری طور پر تمام مزارات زائرین کے لیے کھول دے۔ حکومت رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ گراں فروشوں اور روزہ خوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ رمضان کا تقدس پامال کرنے والوں کو سزا دی جائے۔ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر پابندی لگائی جائے۔ رمضان ٹرانسمیشن و دیگر پروگراموں کے نام پر مختلف چینلوں پر پھیلائی جانے والی بیہودگی پر پابندی لگائی جائے۔دین سے بے خبر اینکر اور فلمی سٹارز کو تبلیغ دین کا منصب دینا دین سے مذاق ہے۔