8 خودکشیاں:  منگنی ٹوٹنے، علاج کی سکت نہ ہونے پر جان دیدی

Apr 12, 2021

لاہور+ کامونکے+  ساہیوال+ مظفر گڑھ+گلاب والہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاروں سے)  لاہور میں مختلف مقامات میں 2 خواتین سمیت 3 افراد نے خودکشی کر لی جبکہ منگنی ٹوٹنے سے دلبرداشتہ دوشیزہ نے خودکو گولی مار کر جان دیدی۔ ادھر مظفر گڑھ کے علاقے کے روہیلانوالی کے رہائشی 55 سالہ شخص نے علاج کی سکت نہ ہونے پر خود کشی کر لی۔ ساہیوال میں گھریلو تنازعہ 22 سالہ لڑکی اور 35 سالہ خاتون نے زہر پی کر خود کشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کامونکے میں نواحی علاقہ ٹبہ محمد نگر کے محنت کش ذوالفقار کی بیٹی حلیمہ کی یکے بعد دیگرے 6 بار منگنی ہوئی جو بعدازاں نامعلوم وجوہات پر ٹوٹ جاتی رہیں متوفیہ اس المناک صورتحال سے دلبرداشتہ تھی اور گذشتہ رات اسی بناء پر اس نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ادھر خالد آباد کا رہائشی پیربخش ولد امام بخش نے دل کی بیماری سے دلبرداشتہ ہو کر درخت سے لٹک کے زندگی کا خاتمہ کر لیا۔پولیس کی مطابق پیربخش بیمار تھا اور مبینہ طور پر اپنی بیماری کی وجہ سے دلبرداشتہ تھا۔  نواں کوٹ کے علاقے بند روڈ کی رہائشی مریم بی بی اور اس کی بہن کی شادی 6 ماہ قبل دو بھائیوں کے ساتھ ہوئی، گزشتہ روز مریم بی بی نے نامعلوم وجوہات کی بنا کر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی دوسرے واقعہ میں لوہاری گیٹ کی رہائشی 19سالہ ماہ نور نے نامعلوم وجوہات پر پھندا لے لیا جبکہ گلبرگ کے علاقے سیون اپ پھاٹک کے قریب رہائش پذیر 41 سالہ ذوالفقار نے گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہو کر سر میں گولی مار کے خودکشی کر لی۔ادھرساہیوال کے چک 12 ۔ ای بی میں محمد یار کی 22 سالہ بیٹی رمیشہ نے والدین سے جھگڑ کر کالا پتھر کھا کر خود کشی کر لی۔ قصبہ نور شاہ کے محمد سلیم کی 35سالہ بیوی ثوبیہ نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر زہر پی کر خود کشی کر لی ۔ دونوں کو سول ہسپتال ساہیوال ایمر جنسی لایا گیالیکن جانبر نہ ہوسکی۔ 

مزیدخبریں