اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں اور دیگر کمیٹیوں کی تشکیل نو کیلئے نامزد سنیٹرزکے نام سینیٹ سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئے ہیں، ہر رکن پانچ کمیٹیوں کی رکنیت حاصل کرسکے گا، رکن سازی کیلئے درخواستوں کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ،ہر کمیٹی 12سے 14ارکان پر مشتمل ہوگی۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ کی طرف سے تمام ارکان سینیٹ سے مجالس قائمہ اور دیگر کمیٹیوں کی رکنیت کے حصول کیلئے تحریری طورپر اپنی ترجیح سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کو تمام ارکان کی طرف سے نامزدگیاں موصول ہوگئی ہیں۔ سینیٹ میں48 مجالس قائمہ و دیگر کمیٹیاں قائم ہوں گی اور پارلیمانی جماعتوں کو عددی تناسب کے مطابق کمیٹیوں کی سربراہی ملے گی۔ کمیٹیوں کی تشکیل کا کام12مئی تک مکمل ہونا ہے۔ درخواستوں کی ضروری چھان بین کے بعد کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخاب کیلئے ایوان بالا سے منظوری لی جائے گی اور سینیٹ کے باقاعدہ اجلاس میں کمیٹیوں میں ارکان کی نامزدگیوں کی توثیق کرتے ہوئے مجالس قائمہ کے انتخابی اجلاس طلب کرنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ کو کمیٹیوں میں نامزدگیوں میں ردوبدل کا اختیار ہوگا۔ ہرتین ارکان پر متعلقہ پارلیمانی جماعت کو ایک کمیٹی کی سربراہی ملے گی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل نو ،نامزد سنیٹرزکے نام سیکرٹریٹ کو موصول
Apr 12, 2021