کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سانحہ نشترپارک عید میلاد مصطفی ﷺکے شہداء ہمارے دلوں میں زندہ ہیں ،11اپریل 2006 کو اسلام وملک دشمن قوتوں نے دہشتگردی کرکے ملک کو توڑنے کی سازش کی تھی ،63جنازے اٹھا کر بھی ہم نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرکے اسلام وملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنادیا ،جو سمجھتے تھے سنی تحریک کو ختم کردینگے آج ان کا وجود بھی نہیں ہے ،پاکستان سنی تحریک کا ایک ایک کارکن نظریاتی ہے جو آج بھی ملکی سلامتی اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ،سانحہ نشترپارک یاد آتا ہے تو دل رنجیدہ ہوجاتا ہے ہماری پوری اعلیٰ قیادت کو شہید کردیا گیا مگر ہمیں انصاف آج تک نہیں مل سکا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداء نشترپارک کے مزار پر حاضری کے بعد سید عبدالقادر باپو کے عرس ،تقسیم اسناد ودستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سید جنید باپو،الحاج گلشن الہی ،علامہ سید عبید شاہ ،علامہ مشتاق اخترالقادری ،ناظم اعلیٰ جامعۃ المصطفیٰ رضویہ محمد اسلم شاہ جیلانی ودیگر موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سید عبدالقادرباپوشریف کی دینی وملیاور قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ،جامعۃ المصطفٰی رضویہ سے قرآن پاک حفظ وناظرہ کرنیوالے طلباء ہمارا سرمایہ ہیں ،والدین اپنے بچوں کو دین کی تعلیمات ضرور دلائیں ، سانحہ نشترپارک کو 15سال ہوگئے مگر آج بھی ہمارے دل رنجیدہ اور زخم ہرئے ہیں ،دہشتگردوں کو عبرت کا نشان بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ ابھی تک ناکام ہے ،ہمارے شہداء کا ہمیں انصاف چاہیے دہشتگردوں کو قانونی طورپر پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں ،امن پسند ہیں اور امن کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے، امیر میلاد مصطفی وسربراہ سنی تحریک محمد عباس قادری ،شہید افتخار احمد بھٹی شہید محمد اکرم قادری ،شہید ڈاکٹر عبدالقدیر بھٹی ودیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اپنے شہداء قائدین کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ملک میں نظام مصطفی کا نفاذ چاہتے ہیں تاکہ انصاف کی بالادستی اور عام عوام کو حقوق میسر ہوسکیں۔