لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ روئیں، چیخیں یا پیٹیں، ڈسکہ میں مسلم لیگ نون جیت چکی ہے۔ مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہ عمران صاحب کو پاکستان میں جمہوریت کی امید کہنا جمہوریت کے منہ پر تھپڑ جیسا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اندر نئی صف بندی جاری ہے۔ بہت جلد پنجاب اور وفاق سے پی ٹی آئی کا صفایا ہونے والا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ڈسکہ کی عوام نے ڈر اور خوف سے بالاتر ہو کر ووٹ دیا۔ ڈسکہ کے عوام نے مہنگائی کیخلاف ووٹ دیا۔ آر ٹی ایس نہیں بیٹھے گا۔ ووٹ کا ڈبہ چوری نہیں ہو گا تو صرف شیر کا ووٹ نکلے گا۔ ڈسکہ میں 19 فروری کو الیکشن چوری کا پلان بنایا گیا تھا۔ عوام نے 10 اپریل کو بدلہ لے لیا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ڈسکہ الیکشن میں فتح مسلط چور مافیا سے نجات کی نوید ہے۔ عوام نے آٹا، چینی، دوائی، بجلی وگیس چوروں کو مسترد کر دیا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ملکی معیشت، سٹیٹ بنک کو آئی ایم ایف میں گروی رکھنے والے نظرانداز ہو گئے ہیں۔ قوم جان چکی ہے کہ (ن) لیگ ہی عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔