نوشین افتخار کی 16642 ووٹوں سے کامیابی الیکشن کمشن نے اداروں کی کارکردگی کو سراہا

Apr 12, 2021

ڈسکہ + گوجرانوالہ+اسلام آباد (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی/وقائع نگارخصوصی) ریٹرنگ آفیسر نے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کا رزلٹ جاری کردیا۔ ریٹرنگ آفیسر کے مطابق حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے سید افتخار الحسن شاہ المعروف ظاہرے شاہ کی وفات کے بعد خالی ہونیوالی سیٹ پر 9 امیدواروں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سیدہ نوشین افتخار‘ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے علی اسجد ملہی‘ تحریک لبیک کی طرف سے محمدخلیل سندھو اور چھ آزاد امیدواروں سمیرا اسلام ‘سید حیدر جعفری‘ سید شاہ فیصل‘ شمسہ سلیم بخاری‘ عثمان عابد نے حصہ لیا۔ 19فروری کے ضمنی الیکشن کے کالعدم ہونے کے بعد 10اپریل کے ہونیوالے ری پولنگ کے دوران ووٹوں کی شرح تقریباً 43.33 فیصد رہی۔ حلقہ میں ووٹوں کی تعداد 4لاکھ 94ہزار 3 تھی جس میں سے پولنگ کے دوران 2لاکھ 14ہزار 16 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ری پولنگ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیدہ نوشین افتخار نے ایک لاکھ 10ہزار 75ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی نے 93ہزار 433 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے اور اسی طرح جنرل الیکشن میں آزاد حیثیت سے 57ہزار ووٹ لینے والے عثمان عابد نے صرف72ووٹ حاصل کیے۔ سمیرا اسلام نے 188‘ سید حیدر جعفری نے 40‘ سید شاہ فیصل نے 221‘ شمسہ سلیم بخاری نے 30اور تحریک لبیک کے خلیل سندھو نے 8ہزار 268ووٹ حاصل کئے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ڈسکہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں بھرپور معاونت پر کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار  احمد گھمن ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ عبدالکریم راؤ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق، پاک آرمی رینجرز پولیس انتظامیہ کے افسران ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب ڈائریکٹر انفارمیشن گوجرانوالہ ڈویژن حامد جاوید اعوان اور تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہم سرخرو ہوئے۔ الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا سرکاری نتیجہ جاری کر دیا۔ حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں الیکشن والے دن دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے 10 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج۔ موضع سوہاوہ‘ اگو چک‘ برج چیمہ میں ملزمان کلیم سرور‘ ارسلان‘ زبیر احمد‘ حماد چیمہ‘ سجاد وریاہ‘ عباد علی‘ عمران مسیح‘ سیف اﷲ اور احمد مظفر نے سرعام اسلحہ کی نمائش کرتے ہوئے امن و امان خراب کرنے کی کوشش کی۔ الیکشن کمشن نے انتظامیہ اور پولیس کی تعریف کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میں پاک فوج اور رینجرز نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ترجمان الیکشن کمشن الطاف احمد کے مطابق ضمنی انتخاب شفاف اور انتہائی پْرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ اس سلسلے میں ڈویڑنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور پولیس کا کردار قابل تحسین ہے۔ خاص طور پر کمشنر اور ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ نے اس سلسلہ میں ذاتی دلچسپی لی اور حلقے میں موجود رہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق رینجرز اور پاکستان آرمی نے بھی ضمنی انتخاب کے پْرامن انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مزیدخبریں