اسلام آباد (خبرنگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے۔ برلن ہوائی اڈے پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل، جرمنی کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برلن ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں، سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے۔ جرمنی دنیا کی اہم اقتصادی اور سیاسی قوت ہے۔ جرمنی کے ساتھ پاکستان کی وابستگی، تاریخی نوعیت کی ہے ہم چاہتے ہیں جرمنی کے ساتھ پارلیمانی سطح پر ہمارے تعلقات میں وسعت آئے میں چونکہ خود ایک پارلیمینٹیرین ہوں۔ پارلیمان ایک پالیسی ساز ادارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفکر پاکستان حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے ناصرف یہاں اعلیٰ تعلیمی مراحل مکمل کئے بلکہ انہوں نے گوئٹے اور "فریڈرک نیچے" جیسے عظیم دانشوروں کی فکر سے بھی استفادہ کیا۔ پاکستان کی یورپی ممالک کے ساتھ ہونے والی دو طرفہ تجارت کے حجم میں، سب سے زیادہ حصہ جرمنی کا ہے۔ معاشی سفارت کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کو ہم آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد پاکستانی جرمنی میں قیام پذیر ہیں اور یہاں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ اپنے دورہ برلن میں جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے ساتھ ساتھ، دو طرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے میسر مواقعوں اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہء خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ برلن میں جرمن پارلیمان کے صدر وولف گانگ شوئبلے سے بھی ملاقات کریں گے اور دو طرفہ پارلیمانی روابط کے فروغ کے حوالے سے تبادلہء خیال کریں گے۔ وزیر خارجہ، پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کریں گے اور جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کریں گے۔ توقع ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے مابین دو طرفہ سفارتی تعلقات کی سترہویں سالگِرہ کے موقع پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یہ دورہ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور دو طرفہ کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ وزیر خارجہ کی" پاکستان ہائوس" برلن (جرمنی) آمد پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کی۔ عشائیے میں جرمنی کی اہم سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ شاہ محمود نے پاکستان ہائوس آمد پر تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے "وزٹرز بک" میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔
پاکستان جرمنی سفارتی تعلقات کی سالگرہ شاہ محمود برلن پہنچ گئے
Apr 12, 2021