لاہور فیصل آباد میں کوئی بھوکا نہیں سوئے پروگرام کا افتتاح پنجاب کی کمٹمنٹ نبھائینگے عثمان بزدار

Apr 12, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کے دو شہروں لاہور اور فیصل آباد میں ’’کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ موبائل لنگر پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ربن کاٹ کر پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور فوڈ ٹرک کو لاہور کے چار روٹس پر روانہ کیا۔ لاہور کے روٹ نمبر ایک ٹھوکر نیاز بیگ سے داتا دربار تک ملتان چونگی، منڈی سٹاپ، یتیم خانہ چوک، چوبرجی، روٹ نمبر دو سرکلر روڈ، ریلوے سٹیشن، دو موریہ پل، بادامی باغ، آٹو پارٹس مارکیٹ مستی گیٹ، جنرل بس سٹینڈ، سبزی منڈی اور نیازی چوک، روٹ نمبر تین گڑھی شاہو، کواپ سٹور، شالامار، داروغہ والا اور شادی پورہ جبکہ روٹ نمبر چار لکشمی چوک، میو ہسپتال چوک، شاہ عالم مارکیٹ، دال گراں چوک اور دہلی دروازے میں روزانہ 10ہزار لنچ باکس کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جائیںگے۔ فیصل آباد میں دو ٹرک شہر کے معروف علاقوں میں روزانہ 10ہزار لنچ باکس تقسیم کریںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو کھانا کھلانا سنت بھی ہے اور پنجاب کی روایت بھی ہے۔ راولپنڈی اوراسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کے ’’کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ لنگر پراجیکٹ کی تقلید کرتے ہوئے پنجاب میں اس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ’’ Meals on Wheels‘‘ کا یہ سلسلہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔ پہلے فیز میں فوڈ ٹرک مختلف روٹس پر جاکرکھانا تقسیم کریںگے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام ریاست مدینہ کے قیام کی طرف پہلا ٹھوس قدم ہے۔ سردار عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی ملک احمد حسین ڈہیڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب ہماری کمٹمنٹ ہے اسے نبھائیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے حقوق کی حقیقی نگہبان ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ پاکستان تحریک انصاف کا منصوبہ ہے کوئی سبوتاژ نہیں کرسکتا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں جلد مستقل ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعینات کردیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کے لئے اگلے بجٹ میں الگ اے ڈی پی بک بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا مریضوں کی وجہ سے ہیلتھ سسٹم بے پناہ دباؤ کا شکار ہوچکا ہے ۔کرونا کو کنٹرول کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنا ہوںگے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب کے پانچ شہروں میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح15فیصد سے بڑھ چکی ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح19فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ عوام کو احتیاط کرنا ہوگی۔ صورتحال خطرناک رخ اختیار کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے وائلن نواز موسیقار استاد دلشاد حسین خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت بھی کی۔ وزیراعلیٰ نے سابق چیف کمپٹرولر عبدالرشیدکے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔

مزیدخبریں