اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم ترقی پذیر ملکوں کی معاشی و سماجی حالت سدھارنے کیلئے اہم کردارادا کرسکتا ہے۔ عمران خان

Apr 12, 2021 | 23:07

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم ترقی پذیر ملکوں کی معاشی و سماجی حالت سدھارنے کیلئے اہم کردارادا کرسکتا ہے ، کورونا اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے، کورونا وبا کی عالمی سطح پر روک تھام کیلئے ویکسی نیشن کے عمل میں ترقی پذیر ملکوں کی مدد کی جائے اور کورونا ویکسین بنانے کیلئے ٹیکنالوجی  فراہم کی جائے۔اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہاکہ فورم سے افتتاحی خطاب میرے لئے باعث مسرت ہے، پاکستان نے کورونا کے دوران سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی اپنائی ۔ ہم نے 8 بلین ڈالر کا ریلیف پیکیج مستحق افراد کو دیا ۔ اب پاکستان کورونا وباء کی تیسری لہر کا سامناکررہاہے ۔ عالمی برادری ہر فرد کیلئے ویکسین کی دستیابی کو جلد یقینی بنائے۔ یہ فورم ترقی پذیر ملکوں کی معاشی و سماجی حالت سدھارنے کیلئے اہم کردارادا کرسکتا ہے۔ ترقی پذیر ملکوں کیلئے فوری طورپر ہنگامی مالیاتی ریلیف فراہم کیا جائے۔ آئی ایم ایف اور عالمی بنک ترقی پذیر ملکوں کی مدد کیلئے مناسب فنڈز رکھتے ہیں، کورونا کی  عالمی سطح پر روک تھام کیلئے ویکسی نیشن کے عمل میں ترقی پذیر ملکوں کی مدد کی جائے ۔ترقی پذیر ملکوں میں کورونا ویکسین بنانے کیلئے ٹیکنالوجی فراہم کی جائے۔ موجودہ چیلنجز بہتر مستقبل کیلئے بہترین موقع ہیں۔ کورونا وباء اور ماحولیاتی  تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کا بہترین موقع ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے پہلے 10 متاثرہ ملکوں میں شامل ہے۔ پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کیلئے 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا۔ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے قابل تجدید توانائی منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ یاد رہے اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم کی صدارت پاکستان کررہا ہے، فورم کا مقصد کورونا متاثرہ ترقی پذیر ملکوں کیلئے مالی امداد، ماحولیات اور پائیدار ترقیاتی اہداف ہیں۔ اکنامک اینڈ سوشل کونسل فورم 15 اپریل تک جاری رہے گا۔

مزیدخبریں